Live Updates

کھوکھلے نعروں سے نظام بدلنے والانہیں،ملک میںحقیقی تبدیلی عوامی ایجنڈے کے مطابق کام کرنے سے آئے گی‘میاں مقصود احمد

عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سرکاری افسروں کے شاہانہ اندازختم کرنا ہوں گے،ملک کو معاشی دلدل سے نکالنے کیلئے بے لاگ اور سیاست سے بالاترہوکراحتساب کرناہوگا‘ صدرمتحدہ مجلس عمل پنجاب وامیر جماعت اسلامی پنجاب کی عوامی وفود سے گفتگو

ہفتہ 15 ستمبر 2018 18:14

کھوکھلے نعروں سے نظام بدلنے والانہیں،ملک میںحقیقی تبدیلی عوامی ایجنڈے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ ملک میںحقیقی تبدیلی عوامی ایجنڈے کے مطابق کام کرنے سے آئے گی،محض کھوکھلے نعروں اورچہروں کی تبدیلی سے نظام بدلنے والانہیں ،منی بجٹ لانے کے نام پر لوگوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی سازشیں ہورہی ہیں ،اقرباپروری اورموروثیت کاخاتمہ ناگزیرہوچکاہے۔

میرٹ پرفیصلہ سازی سے ہی اصل تبدیلی رونما ہوگی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزعوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں8ہزار975کنال پر403ارب روپے کی سرکاری عمارتیں خزانے پر بوجھ ہیں ان کی دیکھ بھال پر سالانہ10ارب روپے سے زائد کی رقم خرچ ہوتی ہے جبکہ ان عمارتوں میں19ہزارملازمین تعینات ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور کے جی اوآر ون میں5سی56کنال کی رہائش گاہیں موجودہیں۔

نئی حکومت نے اگر تو واقعی میں عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنا ہے تو سرکاری افسروںکے شاہانہ اندازختم کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوںکی بدولت ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے۔اس وقت روزانہ6ارب روپے قرضوں پر لگنے والے سود کی مد میں جارہے ہیں۔اگر اتنی بڑی رقم کو بچالیاجائے تو ملکی معیشت میں بہتری آسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے در درکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں مگر انہیں نوکریاں نہیں مل رہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کاوعدہ کیا تھا اس پر عمل درآمد ہونا چاہئے۔سیاسی تقرریو ں سے اداروں کابیڑاغرق ہوچکاہے۔ انہوں نے کہاکہ بیرونی بنکوں میں موجود375ارب ڈالر کاخطیر سرمایہ ملک میں واپس لایاجانا چاہئے۔

ٹیکس چوری کے خاتمے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔جب تک اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک منتقل کرنے والوں کے گرد گھیراتنگ نہیں کرلیا جاتا ملک میں خوشحالی نہیں آسکتی۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ ملک کو معاشی دلدل سے نکالنے کے لیے بے لاگ اور سیاست سے بالاترہوکر احتساب کرنا ہوگا۔چوروں،لٹیروں اور قومی خزانے میں خردبردکرنے والوں کو عبرت کانشان بنانا ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات