بٹگرام کے مرکزی بازار میں ٹریفک نظام درست نہ ہونے کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا

ہفتہ 15 ستمبر 2018 18:16

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2018ء) بٹگرام کے مرکزی بازار میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے سے چند منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا، بازار کی حدود میں گاڑیوںکی لمبی قطاریں لگنا روز کا معمول بن چکا ہے، آر ٹی اے کی جانب سے لوکل ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے باوجود مسافروں سے خود ساختہ کرایہ کی وصولی جاری ہے، ٹرانسپوٹرز اور مسافروں کے مابین کرایہ کے معاملے پر جھگڑے عام معمول بن گیا ہے، عوام پریشان ہیں جبکہ ٹریفک پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، ٹریفک پولیس شاہراہ ریشم کے دونوں اطراف غیر قانونی ریڑھی بانوں اور ٹیکسی اڈوں کے خلاف کارروائی کرنے سے کترا رہی ہے تو دوسری طرف محکمہ آر ٹی اے متعین کردہ کرایہ ناموں پر عمل ددرآمد کرانے سے قاصر ہے۔

(جاری ہے)

بٹگرام کے عوامی سماجی حلقوں نے ڈی پی او بٹگرام سے فوری نوٹس کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بٹگرام کا مرکزی بازار ٹریفک مسائل کی وجہ سے گھمبیر صورت اختیار کر لیا ہے، جگہ جگہ پر غیر قانونی ٹیکسی سٹینڈز اور ریڑھی بانوں کے قبضہ کے باعث چند منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا ہے، گاڑیوں کی لمبی قطاریں روز کا معمول بن چکی ہے، دوسری طرف محکمہ آر ٹی اے کی طرف سے لوکل پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے باجود مسافروں سے خود ساختہ کرائے وصول کئے جا رہے ہیں۔

پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیورز اور مسافروں کے مابین کرایہ نامہ کے معاملہ پر جھگڑے معمول بن چکے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس اور سارجنٹ خواب خرگوش کی گہری نیند کے مزے لے رہے ہیں، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ بٹگرام کے عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او بٹگرام سمیت اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :