Live Updates

سرکاری محکمے پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت سے اپنے اخراجات میں کمی کریں‘سینئر وزیرعبدالعلیم خان

پہلے 100دن کیلئے ہر شعبے میں بڑے ہدف سامنے رکھنے ہیں ، اداروں میں نئی پالیسی لانا ہوگی سینئر وزیر کے مختلف محکموںسے مشاورتی اجلاس ، مربوط منصوبہ بندی سامنے لانے کی ہدایت

ہفتہ 15 ستمبر 2018 20:45

سرکاری محکمے پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت سے اپنے اخراجات میں کمی کریں‘سینئر ..
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2018ء) سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکومتی محکموں میں صرف سرکاری بجٹ حاصل کرنے اور اسے خرچ کرنے کی روش کو بدلنا ہوگا اور ضرورت اس امر کی ہے کہ سرکاری محکمے اپنے امور میں زیادہ سے زیادہ نجی شعبے کی شرکت کو یقینی بنائیں اور پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت سے اپنے اخراجات میں کمی لائیں ، بالخصوص ایسے منصوبے جن کا تعلق عوام سے ہے اُن میں بڑے کاروباری اداروں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کی سپانسر شپ حاصل کی جانی چاہیے جس سے سالانہ اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق منصوبوں میں زیادہ تیزی کے ساتھ نتائج سامنے آئیں گے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے لائیو سٹاک ،انڈسٹریز اور مختلف محکموں کے اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے پہلی100دن کیلئے ہر شعبے میں بڑے بڑے ہدف سامنے رکھنے ہیں جنہیں آئندہ برسوں میں پورا کرنے کیلئے قومی اداروں میں نئی پالیسی لانا ہوگی ،انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری اور بچت کی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ایک کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا اور سرکاری فنڈز کے بے دریغ استعمال ،کرپشن اور فضول خرچی سے اجتناب کرنا ہوگا ، انہوں نے متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ مربوط منصوبہ بندی کے ساتھ اپنی سفارشات تیار کریں جن پر عملدرآمد کر کے عوام کے مسائل کے حل اور سرکاری محکموں میں عوامی امور کی جلد ازجلد انجام دہی کو یقینی بنایا جا سکے ، سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ پنجاب کے تمام محکموں سے اُن کے مشاورتی اجلاسوں کا پہلا راؤنڈ مکمل ہو چکا ہے اور 17ستمبر سے ہر محکمے کے ساتھ100روزہ پلان کے بارے میں اجلاس کا نیا مرحلہ شروع ہو گا جس میں متعلقہ محکمے کے سیکرٹری کے علاوہ چیف سیکرٹری بھی موجود ہوں گے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں اختیارات کی نچلے درجے تک تقسیم ، سرکاری محکموں سے فرسودہ نظام کے خاتمے اور عوامی مسائل کے جلد از جلد حل کے خواہاں ہیں جس کیلئے ٹھوس پالیسیاں تشکیل دینے کی ضرورت ہے اور اُن کی مختلف محکموں سے مشاورت کا مقصد بھی اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے ، سینئر وزیر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پوری لگن اور دلجمعی کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنائیں ،آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اٹھائے ہوئے ہر اقدام کی نا صرف ذمہ داری قبول کریں گے بلکہ اہل اور دیانتدار افسران کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا ،سینئر وزیر نے محکمہ لائیو سٹاک میں عوام کو خالص دود ھ کی فراہمی ،گوالوں اور گھریلو خواتین کو ضروری مشاورت اور مویشیوں و بھیڑ بکریوں کیلئے چارے و مناسب ماحول کی فراہمی کیلئے کاوشیں برؤئے کار لانے پر زور دیا ،اسی طرح محکمہ انڈسٹریز میں پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت سے ہنر مند نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور چھوٹی صنعتوں کے قیام کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات