وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کی ملاقات

منی لانڈرنگ، اثاثہ جات کی بازیابی اور دیگر شعبوں بارے امور پر تبادلہ خیال برطانوی حکومت کی طرف سے نئی حکومت کی حمایت اور اس کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کااظہار کیا گیا

پیر 17 ستمبر 2018 14:54

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک برطانیہ تعاون کو وسعت دینے اور موجودہ روابط کو ٹھوس اور کثیر الجہتی تزویراتی شراکت داری میں ڈھالنے کی ضرورت پر دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے سماجی و اقتصادی شعبوں کی ترقی میں برطانیہ کے ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( ڈی ایف آئی ڈی) کا کردار قابل تحسین ہے۔

انہوں نے یہ بات برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو دفتر خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق طرفین نے علاقائی اور دو طرفہ تعاون کے مختلف شعبوں بالخصوص علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی،منظم جرائم، نقل مکانی، انسانی سمگلنگ، منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کی بازیابی کے شعبوں سے متعلقہ اموربارے تبادلہ خیال کیا۔ برطانوی وزیر داخلہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبہ جات میں برطانوی حکومت کی طرف سے نئی حکومت کی حمایت اور اس کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کااظہار کیا۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک توسیع شدہ تزویراتی مذاکرات کے ادارہ ڈھانچے کے تحت قریبی تعاون کرتے ہیں۔