پشاور ہائی کورٹ نے فوجی عدالت سے سزا پانے والے مجرم کی سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا

2 رکنی بینچ نے مجرم کے اہل خانہ کی جانب سے دائرنظر ثانی درخواست پر فوجی عدالت کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے وزارت داخلہ سے جواب اور ریکارڈ طلب کرلیا

پیر 17 ستمبر 2018 20:57

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2018ء) پشاور ہائی کورٹ نے فوجی عدالت سے سزا پانے والے مجرم مجاہد کی سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کا حکم دے دیا۔ہائی کورٹ کے جسٹس اکرام اللہ خان اور ایوب خان پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے مجرم کے اہل خانہ کی جانب سے دائرنظر ثانی درخواست پر فوجی عدالت کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے وزارت داخلہ سے جواب اور ریکارڈ طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ مجاہد کے والد یار ولی نے بیٹے کی سزائے موت کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کررکھا تھا۔درخواست میں مجاہد کے والد نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کا بیٹا 8 سال سے لاپتہ تھا، درخواست میں ملٹری کورٹ کے پریذائڈنگ آفیسر، سیکرٹری داخلہ،سپرنٹنڈنٹ جیل کوہاٹ اور انٹرمٹنٹ سینٹر کے انچارچ کو فریق بنایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ مجاہد 8 سال سے لاپتہ تھا، صفائی پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔

بعد ازاں آج (17 ستمبر) کو عدالت نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ملزم مجاہد خان کی سزا پر عمل درآمد روکنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ،سپرنٹنڈنٹ جیل کوہاٹ سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔ایک ماہ قبل آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے 15 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی تھی،دہشت گردوں پر مجموعی طور پر 4 شہریوں اور 41 سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل اور 103 کو زخمی کرنے کا الزام تھا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ و بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں بھی پشاور ہائی کورٹ نے فوجی عدالت سے سزا پانے والے مجرم جنت کریم کی سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کا حکم دیا تھا۔فوجی عدالت کی جانب سے مجرم جنت کریم کو پارا چنار میں امام بارگاہ پر حملہ کرنے کے کیس میں سزا سنائی گئی تھی جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے اس کی توثیق کی گئی تھی۔قبل ازیں جولائی ہی میں پشاور ہائی کورٹ نے سماعت کے دوران فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے ملزم شاکر اللہ، جو ان کے اہل خانہ کے مطابق 2010 سے دیر کے علاقے سے لاپتہ تھے، کی سزا پر عمل درآمد سے روک دیا تھا۔۔