پاکستان اور چین کی ہر آزمائش پر پوری اترنے والی دوستی اب سٹرٹیجک تعاون کی شراکت داری بن گئی،

مضبوط دوطرفہ تعلقات کو پاک چین اقتصادی راہداری نے نیا رُخ دے دیا،پاکستانی اور چینی تاجروں کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کو دوستانہ طورپر حل کیا جانا چاہئیے،وفاقی وزیر قانون و انصاف ڈاکٹر محمد فروغ نسیم کی چینی وفد سے گفتگو

پیر 17 ستمبر 2018 23:52

پاکستان اور چین کی ہر آزمائش پر پوری اترنے والی دوستی اب سٹرٹیجک تعاون ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے سب سے زیادہ قابل اعتماد دوست اور شراکت دار چین کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو یہاں وزارت قانون میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ امور کے بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی اور خصوصی تعلقات ہیں جبکہ پاکستان بھی سب سے زیادہ قابل اعتماد اپنے اس دوست اور شراکت دار ملک چین کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی ہر آزمائش پر پوری اترنے والی دوستی اب سٹرٹیجک تعاون کی شراکت داری بن گئی ہے جبکہ پہلے سے ہی مضبوط دوطرفہ تعلقات کو پاک چین اقتصادی راہداری نے نیا رُخ دے دیا ہے،توقع ہے کہ اس سے دونوں ممالک کو بہت فائدہ ہو گا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے عوام سے عوام کی سطح پر شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا،اس میں تعلیمی اداروں، علمی ماہرین اور اور نوجوان نسل کے تبادلہ جات شامل ہیں۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر فروغ نسیم نے تجویز کیا کہ سی پیک یا کسی بھی دیگر وجوہ کی بناء پر پاکستانی اور چینی تاجروں کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کو دوستانہ طورپر حل کیا جانا چاہئیے ،دوستانہ حل نہ ہونے کی صورت میں معاملات کو خصوصی میکنزم کے تحت حل کیا جانا چاہئے ،ثالثی ٹریبونل میں چین اور پاکستان کا ایک ایک جج ،مصالحت کار یا کنسلٹنٹ ہونا چاہئے، پاکستان اور چین کے مابین پیدا ہونے والا کوئی بھی معاملہ یا تنازعہ کسی بھی بین الا قوامی فورم پر نہیں اٹھایا جانا چاہئے۔

چین کے سفیر یاائو جنگ نے وفاقی وزیر قانون کی تجاویز کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین کی حکومت پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ چین بھی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پورے خطہ کی ترقی کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔