دین کی سربلندی کیلئے دی جانے والی شہداء کربلا کی قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی،لیاقت علی بلوچ

منگل 18 ستمبر 2018 16:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ملیر کے رہنما اور ڈی ایم سی ملیر کی صفائی ستھرائی کمیٹی کے چیئرمین لیاقت علی بلوچ، پی ایس 127کے انفارمیشن سیکریٹری آغا کریم خان،جہانزیب اور اعظم رند نے محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے اور صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کرنے کی غرض سے یوسی:10,11,12کے مختلف علاقوں چٹائی گرائونڈ، جعفر طیار سوسائٹی، دلبود گوٹھ،گونگا گوٹھ، غریب آباد، عمار یاسر، ایف سائوتھ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور مختلف مساجد، امام بارگاہوں ، مجالس و جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی۔

اس موقع پر انھوں نے کہا کہ دین کی سربلندی کے لیئے نواسہ رسول ؐ اوران کے ساتھیوں نے اسلام کی سربلندی کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے تاریخ رقم کی جو تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ان کی تعلیمات صرف اور صرف امن، پیار، محبت پر مبنی ہے جو لوگوں سے نفرت اور فرقہ واریت کوسخت ناپسند کرتی ہے۔محرم الحرام قربانی اور شہادتوں کا درس دیتا ہے اور یہ مہینہ ہمیں سچائی اور حق پر مبنی جدوجہد پر ڈٹ جانے اور امن کے فروغ کی خاطر قربانی کا درس دیتا ہے۔

انھوں نے علماء کرام و دیگر سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپس میں محبت و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور کوئی ایسی بات نہ کہیں جس سے تنائو کی کیفیت پیدا ہو اور فرقہ واریت کارنگ ظاہر ہو بلکہ جس طرح حضرت امام حسین ؐ اور ان کے رفقاء نے ہمیں انسانیت کے احترام کا جو درس دیا ہے اس پر عمل پیرا رہیں یہی ہماری کامیابی و نجات ہے۔