نیب کی 11مہینوں کی کارکردگی رپورٹ جاری

476 افراد کوگرفتار کیا گیا اور72 افراد کوعدالتوں سے سزائیں ہوئیں، سزایافتہ افراد سے2 ارب 41 کروڑ روپے کی رقم برآمد کی گئی۔نیب رپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 22 ستمبر 2018 16:41

نیب کی 11مہینوں کی کارکردگی رپورٹ جاری
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22ستمبر 2018ء) نیب نے 11مہینوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے،جس کے تحت 476 افراد کوگرفتار اور 72 افراد کوعدالتوں سے سزائیں دلوائی گئی ہیں،جبکہ سزایافتہ افراد سے 2 ارب 41 کروڑ روپے کی رقم برآمد کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب نے پچھلے اور رواں سال پرمبنی اپنی 11مہینوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔ نیب کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق نیب نے اپنی کاروائیوں میں ملزمان سے2 ارب 41 کروڑ روپے کی رقم برآمد کی ہے۔

جبکہ نیب اپنے قیام سے اب تک 297 ارب روپے برآمد کرچکا ہے۔ نیب رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ نیب 11مہینوں میں 239 انکوائریاں کرچکا ہے ۔ جبکہ مختلف کرپشن اور بدعنوانی کیسز میں ملوث 476 افراد کوگرفتار بھی کیا گیا ہے۔ نیب نے گزشتہ گیارہ مہینوں میں 72افراد کوعدالتوں سے سزائیں دلوائی ہیں۔

(جاری ہے)

نیب رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے دائر ریفرنسز میں احتساب عدالت سے سزاؤں کی شرح 77 فیصد ہے۔

نیب رپورٹ میں کہا گیا کہ موجودہ چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کی سرپرستی میں نیب زیادہ متحرک ہوا۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے پاناما ریفرنسز کی منتقلی کیخلاف چیئرمین نیب کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے پراسیکیوٹر جنرل نیب کو نوٹس جاری کردیا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 25 ستمبر کو سماعت کریگا۔یاد رہے کہ احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر نے مسلم لیگ (ن) کے تین رہنماؤں نواز شریف، مریم اور صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

اس کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے دیگر دو ریفرنسز العزیزیہ اور فلیگ شپ کو احتساب عدالت نمبر 2 منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ نیب نے نواز شریف کے خلاف ریفرنسز کی منتقلی کو چیلنج کر رکھا ہے۔سپریم کورٹ میں دیگر اہم مقدمات بھی سماعت کے لیے مقرر کردیے گئے ہیں جن میں آصف زرداری کی درخواست اور این آر او کیس بھی شامل ہے۔ سپریم کورٹ نے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرنے کے خلاف آصف زرداری کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 25 ستمبر کو سماعت کرے گا۔ آصف زرداری نے عدالت کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات طلبی کا حکم چیلنج کررکھا ہے۔سپریم کورٹ نے آصف زرداری اور پرویز مشرف سے 2007 اور موجودہ اثاثوں کی تفصیل طلب کی تھیں۔ دونوں رہنماؤں سے بیگمات اور بچوں کے اثاثوں کی تفصیل بھی مانگی گئی تھی۔ عدالت نے این آر او کیس اور اصغر خان عملدرآمد کیس بھی 25 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کردئیے ہیں۔
نیب کی 11مہینوں کی کارکردگی رپورٹ جاری