Live Updates

بھارت اور پاکستان کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کریں، میر شاہد سلیم

بھارت نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی پیش کش کو مسترد کر کے قیام امن کے ایک سنہری موقع کو ضائع کردیا

منگل 25 ستمبر 2018 11:50

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموںو کشمیر پیپلز موومنٹ نے بھارت اورپاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیرسمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کومذاکرات کے ذریعے حل کریں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنما اور پیپلز موومنٹ کے چیئر مین میر شاہد سلیم نے جموں سے جاری ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی پیش کش کو مسترد کر کے قیام امن کے ایک سنہری موقع کو ضائع کردیا ہے ۔

انہوں نے کہا بھارت نے جس طریقے سے تکبر او ر غرور کا مظاہرہ کرتے ہوئے بات چیت کا موقعہ گنوا دیا ہے اس نے نہ صرف بھارت اور پاکستان کے کروڑں عوام کو مایوس ہوئی ہے بلکہ اس سے امن کے عمل کو شدید دھچکا پہنچا ہے ۔

(جاری ہے)

میر شاہد سلیم نے دونوں ملکوں کے حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ خطے میں جنگی جنون کو بڑھاوا دینے کے بجائے باہمی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اور با معنی مذاکرات کا آغاز کریں۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر گزشتہ ستر برس سے حل طلب مسئلہ ہے جس کیوجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کئی جنگیں ہوچکی ہیں ۔انہوںنے کہا کشمیر کے عوام اپنے پیدائشی حق خود ارادیت کیلئے ایک پر امن تحریک چلا رہے ہیں جسے کچلنے کیلئے بھارت ہر طرح کے اوچھے اور غیر انسانی ہتھکنڈے استعمال کر چکا ہے ۔ میر شاہد سلیم نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سخت نوٹس لیں اور انہیں بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات