سندھ میں کرپٹ اور منظور نظر سرکاری افسران کا ڈیٹا تیار کرلیا گیا

احتساب کے اداروں نے اہم اور پرکشش عہدوں پر طویل تعیناتی رکھنے والے منظور نظر افسران کے کوائف جمع کئے ،ْ ذرائع

منگل 25 ستمبر 2018 13:56

سندھ میں کرپٹ اور منظور نظر سرکاری افسران کا ڈیٹا تیار کرلیا گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) سندھ میں بدعنوان اور سیاسی پشت پناہی رکھنے والے سرکاری افسران کی تفصیلات جمع کرلی گئیں۔ذرائع کے مطابق احتساب کے اداروں کے انٹیلی جنس یونٹ نے خفیہ رپورٹ تیار کی ہے جس کی تفصیلات جمع کرنے میں ایک سال کا عرصہ لگا، کرپٹ افسران کی تفصیلات اکٹھی کرنے کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) سمیت دیگر اداروں سے بھی مدد لی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق احتسابی اداروں نے اہم اور پرکشش عہدوں پر طویل تعیناتی رکھنے والے منظور نظر افسران کے کوائف جمع کئے ،ْ ان کرپٹ افسران کی غیر ملکی شہریت، دوروں اور اہل خانہ سمیت اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع کی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق سیاسی پشت پناہی رکھنے والے افسران اور اہم ترقیاتی منصوبوں میں مالی بدعنوانی کرنے والے ڈائریکٹرز کی فہرستیں بھی تیار کی گئی ہیں، یہی نہیں اہم عہدوں پر طویل عرصے سے تعینات افسران اور عملے کی بھی تفصیلات جمع کی گئی ہیں۔صوبائی محکموں کے کرپٹ افسران میں سرفہرست محکمہ بورڈ آف ریونیو، محکمہ خزانہ، تعلیم، صحت، خوراک، اطلاعات، بلدیات، زراعت، آبپاشی، پولیس، جیل خانہ جات، جنگلات، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ورکس سروسز شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :