Live Updates

نوابزادہ نصر اللہ خان جمہوریت کا حسن تھے، عدنان ڈوگر

بدھ 26 ستمبر 2018 19:59

ملتان۔26 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) اپوزیشن لیڈر میونسپل کارپوریشن ملتان ملک محمد عدنان ڈوگر نے کہا ہے کہ نوابزادہ نصر اللہ خان جمہوریت کا حسن تھے، جمہوریت کی بقاء و جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے انہوں نے اپنی پوری زندگی وقف کررکھی تھی ،آج بابائے جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ خان جیسی شخصیات کی ملک کو اشد ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سوسائٹی فورم ملتان کے زیر اہتمام بابائے جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ خان کی برسی کے موقع پر منعقدہ سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کیا جبکہ شاہد محمود انصاری، میاں نعیم ارشد، ڈاکٹر عرفان احمد پراچہ، اورنگزیب خان بلوچ، رخسانہ انور، ظل فاطمہ، ڈاکٹر ہمایوں شہزاد، امیر نوازملک، مجتبیٰ بلوچ، ثقلین بلوچ، یوسف گل، جام جاوید اقبال، خالد چٹھہ، ملک اختر، شاہد بھٹی، رضوانہ شاہین، گلشن آراء، حمیدہ بانو شریک تھے۔

(جاری ہے)

ملک محمد عدنان ڈوگر نے کہا کہ جمہوریت کی بقاء دراصل عوام کی بقاء ہے ، جمہوری اقدار کے فروغ کے حوالے سے نوابزادہ نصر اللہ خان کا کردار نہ صرف مثالی رہا ہے بلکہ وطن عزیز پاکستان میں جمہوریت کو پنپنے میں سب سے اہم رول ادا کیا گیا وہ بابائے جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ خان کا تھا ، انہوں نے کہا کہ نرم لہجہ ، گفتار میں شائستگی اور عزم صمیم نوابزادہ نصر اللہ خان کا خاصا تھا ، انہوں نے مزید کہا کہ نوابزادہ نصر اللہ خان کے بعد آج اگر جمہوری روایات کو کسی لیڈر نے آگے بڑھایا ہے وہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد وزیر اعظم عمران خان ہیں جو صحیح معنوں میں ملک کی کشتی کو بھنور سے نکالنے کیلئے جدوجہد پر عمل پیرا ہیں ،نئی نسل کو بابائے جمہوریت کی اقدار سے روشناس کرانے کی اشد ضرورت ہے ،تمام مکتبہ فکر اور سیاسی پارٹیوں سے وابستہ سیاسی کارکنوں اور سماجی کارکنوں کیلئے بابائے جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ خان مشعل راہ ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات