خورشید شاہ کی شہبازشریف کی گرفتاری کی مذمت

شہبازشریف کی گرفتاری پارلیمان کی توہین ہے،حکومت انتقامی کارروائیوں سے گریزکرے، 100 روزہ پروگرام کی ناکامی پرحکومت ایسے قدم اٹھا رہی ہے۔مرکزی رہنماء پیپلزپارٹی سید خورشید شاہ کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 5 اکتوبر 2018 17:15

خورشید شاہ کی شہبازشریف کی گرفتاری کی مذمت
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 اکتوبر 2018ء) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء اور سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے شہبازشریف کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی اس انداز میں گرفتاری پارلیمان کی توہین ہے،حکومت انتقامی کارروائیوں سے گریزکرے، 100 روزہ پروگرام کی ناکامی پرحکومت ایسے قدم اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میں کہا کہ شہبازشریف کی اس انداز میں گرفتاری پارلیمان کی توہین ہے۔

شہبازشریف قائد حزب اختلاف ہیں اس طرح گرفتارنہیں کرنا چاہیے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ سیاسی قیادت کے تمام مقدمات پرپارلیمنٹ کو پہلے اعتماد میں لیا جائے۔پارلیمانی کمیٹی میں تمام مقدمات کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی گرفتاریوں سے سیاسی انتقام کی بوآتی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت انتقامی کارروائیوں سے گریزکرے۔ انہوں نے کہا کہ 100 روزہ پروگرام کی ناکامی پرحکومت ایسے قدم اٹھا رہی ہے۔

دوسری جانب سابق پرنسپل وزیراعظم فواد حسن فواد آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں، فواد حسن فواد نے آشیانہ میں کرپشن کا سارا ملبہ شہبازشریف پرڈال دیا ہے،غیرقانونی ٹھیکوں کا الزام شہبازشریف پرلگا دیا ۔ ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، شہبازشریف کا آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں 14روزہ جسمانی ریمانڈ لیے جانے کا امکان ہے۔

نیب نے قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی گرفتاری سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کوآگاہ کردیا ہے،رولز کے تحت اسمبلی ممبر کی گرفتاری سے پہلے اسپیکر قومی اسمبلی سے اجازت لی جاتی ہے۔اس سے قبل نیب نے سابق وزیراعلیٰ اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو آج صاف پانی کمپنی کیس کی تحقیقات کیلئے طلب کیا تھا۔اور انہیں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں گرفتار کرلیا۔

شہبازشریف جب 3 بجے نیب آفس پہنچے توان کے سامنے تین فائلیں رکھی گئیں اور ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ نیب آفس میں پہنچنے کے بعد شہبازشریف کی گاڑیاں واپس بھیج دی گئیں ۔جبکہ نیب آفس کے باہر رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ اطلاعات ہیں کہ نیب نے شہبازشریف کوآشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کرپشن کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔