کوہاٹ پولیس نے‘6 سہولت کاروں سمیت 46 مشتہ افرادکو گرفتارکرلیا‘ ہتھیار اور منشیات برآمد

منگل 9 اکتوبر 2018 13:07

کوہاٹ پولیس نے‘6 سہولت کاروں سمیت 46 مشتہ افرادکو گرفتارکرلیا‘ ہتھیار ..
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) کوہاٹ میں اہم کارروائی کے دوران بھتہ خور نیٹ ورک کے چھ سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں اشتہاریوںاور منشیات فروشوں سمیت درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔کارروائی میں بڑی تعداد میں خود کار ہتھیار اور منشیات بھی پکڑی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ سہیل خالد کے حکم پر سماج دشمن عناصر کو سختی سے کچلنے کیلئے جاری کارروائیوں کے سلسلے میں ایس پی آپریشنزصلاح الدین کنڈی کی زیر نگرانی پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے ڈی ایس پی صدر روخان زیب اور ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین کی سربراہی میں بنوں روڈ اور پنڈی روڈ کے مختلف علاقوں،تپی،میری کالونی،میاں گان کالونی،اکبر آباد،امین آباد،کالج ٹائون اور گائوں توغ میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کی بڑی کاروائی کا انعقاد کیا جس میں ٹارگٹڈ گھروں کی تلاشی کے دوران پولیس نے قتل کے مقدمات میں مطلوب دو اشتہاریوں سمیت 46 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے اور انکے قبضے سے مجموعی طور پر ایک کلاشنکوف،دو ریپیٹر،دس پستول،دو بندوق،چودہ چارجرز،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس اور تین کلو گرام چرس برآمد کرلی ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر ایک دوسری اہم کاروائی میں پولیس نے بھتہ خوری میں ملوث نیٹ ورک کو مختلف ذرائع سے امداد فراہم کرنیوالے چھ سہولت کاروں کو بھی حراست میں لے لیا ہے جنہیں چھان بین کیلئے متعلقہ تھانے منتقل کردیا گیا ہے جبکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں اسلحہ ومنشیات رکھنے کے جرم میں گرفتار بعض ملزمان کے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیںاور ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

علاوہ ازیں منشیات کے دو بڑے ڈیلر عامر اور طارق پسران امان کو بھی میروزئی سے گرفتار کرکے انکے قبضے سے ڈھائی کلو گرام چرس ،ریپیٹر،پستول اور،کلاشنکوف کے چارجرزبرآمد کرلئے گئے ہیںاور انکے زیر استعمال منشیات کے اڈے کو ختم کردیا گیا ہے۔زیر حراست منشیات فروشوں سے پوچھ گچھ جاری ہے اور دوران تفتیش منشیات کے مزید بڑے سمگلروں کے نام سامنے آنے کی توقع کی جارہی ہے۔