شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں رکھا جا سکتا ہے

سابق وزیراعلیٰ کو بہتر سہولیات اور خدمتگار بھی فراہم کئیے جائیں گے،اخبار پڑھنے کی بھی سہولت ہو گی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 9 اکتوبر 2018 23:23

شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں رکھا جا سکتا ہے
شہبازشریف کو کوٹ لکھپت جیل میں رکھا جاسکتا ہے ۔جہاں انکو ائیر کنڈیشن روم ، بستر ،تکیہ اور دو خدمت گار فراہم کئیے جائیں گے۔اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-09 اکتوبر 2018ء) :تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف 5 اکتوبر کوتیسری مرتبہ صاف پانی کمپنی اسکینڈل میں نیب میں پیش ہوئے جہاں ان کے سامنے کیس میں حاصل کیے جانے والے ثبوت پیش کیے گئے ۔

نیب کے سامنے شہباز شریف کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکے۔ جس کے بعد انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ شہباز شریف کو صاف پانی اسکینڈل میں بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار کیا گیا،بعد ازاں نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ انہیں آشیانہ ہاوسنگ اسکیم میں بے قاعدگیوں پر گرفتار کیا گیا ہے۔تاہم اس کے بعد سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا اور انکے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی تاہم شہباز شریف کے وکیل کی مخالفت کے بعد عدالت نے 10 روز کا جسمانی ریمانڈ دے دیا جس کے بعد انہیں نیب حوالات میں منتقل کردیا گیا تھا اور شہباز شریف تاحال نیب حوالات ہی میں ہیں۔

(جاری ہے)

نیب کے ملزمان کو ڈسٹرکٹ جیل کیمپ میں رکھا جا تا ہے لیکن مذکورہ جیل میں پہلے سے ہی آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں مبینہ طور پر بنے والے وعدہ معاف گواہ فواد حسن فواد اور احمد چیمہ سمیت دیگر گرفتار سابق سرکاری افسران پہلے سے جیل میں ہیں۔ جس وجہ سے شہباز شریف کو سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں رکھا جائے گا۔وہاں انکو ذرا بہتر کلاس دی جائے گی۔وہ 2 مرتبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں جس کے باعث انہیں مختلف سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔انکی جیل میں انکو دو خدمتگار، پڑھنے کو اخبار،تکیہ، میٹرس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔یہ بھی کہا جارہا ہے کہ چونکہ شہباز شریف پہلے ہی سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں ،اسی لیے انکو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔