انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن نے تعلیمی شعبے میں اصلاحات نہ لانے پر حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی دیدی

بدھ 10 اکتوبر 2018 22:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن نے تعلیمی شعبے میں اصلاحات نہ لانے پر حکومت کیخلاف سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی دیدی اور پشاور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے طلبہ پرلگائے گئے الزامات جھوٹ پر مبنی اور اپنی ناکامی کو چھپانے کے مترادف قراردیا ہے ۔ پشاور پریس کلب میں آئی ایس ایف کے صوبائی رہنماء شفقت آیاز،سینئرنائب صدر علامہ اقبال، آئی ایس ایف پشاور یونیورسٹی کے صدر ملک عاطف، کیمپس چیئرمین محمد بلال، نعمان خان، فیصل خان اور دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پشاور یونیورسٹی انتظامیہ نے پرامن طلباء کو تشدد کا نشانہ بنایاجوکہ قابل مذمت ہے جبکہ اس کے علاوہ کرپشن میں ملوث یونیورسٹی پروسٹ، چیف پراکٹر اور انتظامیہ کے دیگر پروفیسرز نے اپنے ناکامی اور کرپشن کو چھپانے کیلئے طلبہ پر سنگین الزامات لگا ئے جس میںکوئی صداقت نہیں ہے انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے سیکورٹی کے نام پر کمانے کاذریعہ بنایا ہے جبکہ ایک ہی وقت میں یونیورسٹی کے پروفیسرز ایک سے زیادہ عہدوں پر اجمان ہیں جس کا کوئی پوچھنے ولا نہیں ہے انہوں نے الزام عائد کیاکہ ایس پی کمانڈنٹ کی ایماء پرپولیس نے طلباء پرتشددکرکے شدید زخمی کیا لیکن ابھی تک واقع میں ملوث افراد کے خلاف کوئی کارروئی نہیں کی گئی انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت کے ویژن کو یونیورسٹی انتظامیہ نے تباہ کیاہے اب بھی نئے پاکستان میں پرانے چہرے موجود ہیں جو ملک کو تعلیم کے نام پر لوٹ مارکررہے ہیں انہوں نے وزیر اعظم پاکستان،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پشاور یونیورسٹی میں جاری کرپشن کی انکوئری کی جائے اورپرووسٹ، چیف پراکٹر اور دیگر کرپٹ لوگوں کو معطل کیاجائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے دھمکی دیدی کہ مطالبات نہ ماننے کے صورت میںاحتجاجوں کا راستہ اپنائینگے۔