متحدہ اپوزیشن کا قومی اسمبلی کے سامنے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس

سردارایاز صادق کو سپیکر کا گائون پہنایا گیا، خواجہ آصف اوراحسن اقبال کی چھٹی کی درخواست بھی منظور شہبازشریف کی گرفتاری کاایک پس منظرہے، اصل مقابلہ جمہوری و غیرجمہوری قوتوں کے درمیان ہے،رانا تنویر حسین ، عثمان کاکڑ، شاہد اختر علی و دیگر کا اجلاس میں اظہار خیال

جمعرات 11 اکتوبر 2018 18:37

متحدہ اپوزیشن کا قومی اسمبلی کے سامنے  پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2018ء) متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی کے سامنے اپنی سینیٹ اور اسمبلی کا مشترکہ اجلاس لگا لیا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کوقومی اسمبلی کے باہر اپوزیشن کی جانب سے اپنی اسمبلی قائم کر دی گئی۔اپوزیشن اجلاس میں سردارایاز صادق کواسپیکر قومی اسمبلی کاگان پہننا دیاگیا۔اپوزیشن اجلاس میں خواجہ آصف اوراحسن اقبال کی چھٹی کی درخواست منظور کی گئی ۔

اس موقع پر سردار یاز صادق نے رولنگ دی کہ ابھی توجہ دلائو نوٹس لیتے ہیں جبکہ اپوزیشن ارکان نے نکتہ اعتراض پربولنے کی کوشش کی ۔اپوزیشن اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی گرفتاری سے متعلق تحریک پر بحث کرائی گئی اورشہبازشریف کی گرفتاری پراپوزیشن ارکان نے شیم شیم کے نعرے لگائے ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کی بہت خدمت کی اور صوبے کا نقشہ بدل دیا،دنیا بھرنے شہبازشریف کی تعریف کی اورگڈگورننس کااعتراف کیا اور ان کی جس طرح گرفتاری کی گئی دنیابھرمیں جگ ہنسائی ہوئی۔

سردار ایاز صادق نے اس کے بعد عثمان کاکڑ کو اظہار خیال کرنے کا موقع دیا تو انہوں نے کہاکہ عام انتخابات اورسینیٹ کے الیکشن میں دھاندلی کی گئی،انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال اور چیف الیکشن کمشنر فوری طور پر مستعفی ہوں۔آج کامشترکہ اجلاس بہت اہم ہے، سینیٹ کے الیکشن میں آزادسینیٹرزمنتخب کراکے چیئرمین بنوایاگیا،عام انتخابات سے پہلے باپ پارٹی بنائی گئی۔

انہوں نے کہاکہ شہبازشریف کی گرفتاری کاایک پس منظرہے اور ہم ان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ اب بھی پارٹیوں کوتوڑنے کاعمل جاری ہے، ڈرادھمکا کرفارورڈبلاک بناناہمیں قبول نہیں ۔انہوں نے کہاکہ اصل مقابلہ جمہوری اور غیرجمہوری قوتوں کے درمیان ہے۔اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے ایم ایم اے کی رکن اسمبلی شاہدہ اختر علی نے کہاکہ شہبازشریف قائدحزب اختلاف ہیں اور ان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں،اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کے رویے پراب سوال اٹھیں گے کیونکہ ہم نے ارجنٹ اجلاس بلانے کامطالبہ کیاتھا۔