پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ترقیاتی اور اقتصادی طور پر بحرانوں کی زد میں آ چکا ہے، سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ

حکومتی ارکان اسمبلی عوامی مسائل سے بے خبر ہو کر عہدے سمیٹنے میں مصروف ہیں ،پی ٹی آئی نے بھی ن لیگ کے نقش قدم پر چلنا شروع کر دیا ہے، امیر جماعت اسلامی فیصل آباد

جمعرات 11 اکتوبر 2018 18:37

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2018ء) جماعت اسلامی کے امیرسردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ترقیاتی اور اقتصادی طور پر بحرانوں کی زد میں آ چکا ہے مگر حکومتی ارکان اسمبلی عوامی مسائل سے بے خبر ہو کر عہدے سمیٹنے میں مصروف ہیں ،پی ٹی آئی نے بھی ن لیگ کے نقش قدم پر چلنا شروع کر دیا ہے،اپنے کارکنوں اور ارکان اسمبلی کو نوازنے کے لئے انہیں مختلف اداروں میں ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے جبکہ درجنوں ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کی موجودگی میں شہری اپنی عزت،جان و مال اور کارو بار سے پریشان ہیں ۔

انہوں نے کہا کہحکمرانوں نے عام آدمی کے حالاتِ زندگی بہتر بنانے، ملکی اداروں کو چلانے اور معیشت کو بہتر بنانے کی بجائے آئی ایم ایف کے ایجنٹ کا کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ قرضوں کے حصول کیلئے آئی ایم ایف کی ہر جائز ناجائز شرط کو مان کر فخرمحسوس کررہے ہیں۔حکومت قرضوں کے حصول کیلئے آئی ایم ایف کے مطالبات مان کر اپنے کروڑوں ووٹروں سے دھوکہ دہی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی معیشت ، صنعت اور غریب عوام کو تباہ کرنے کے در پے ہے ۔ بجلی کی قیمتیں پہلے ہی عوام کی پہنچ سے بہت دور ہیں ۔ جب تک آئی ایم ایف کا پٹہ گردنوں سے اتار کر پھینک نہیں دیا جاتا، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ ہر قسط کی منظوری کے ساتھ ہی کیا جاتا رہے گا۔ حکمران ملک و قوم پر رحم کھائیں مزید قرضے لینے سے اجتناب کریں