سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو حتمی فیصلوں تک ملک سے بھاگنے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے‘ طاہر القادری

قومی لٹیرے ملک چھوڑنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں، حکومت تھر کے بچوں کے تحفظ کے لیے خصوصی پیکیج دے‘گفتگو

جمعرات 11 اکتوبر 2018 22:58

سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کو حتمی فیصلوں تک ملک سے بھاگنے کی اجازت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2018ء) قائد تحریک منہاج القرآن وسربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے قتل عام کے ماسٹر مائنڈ اور قومی دولت پر ہاتھ صاف کرنے والے ملک سے فرار ہونے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں، کسی قاتل اور لٹیرے کو عدالتوں کے حتمی فیصلے تک ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں ملنی چاہیے۔

وہ گذشتہ روز منہاج القرآن علماء کونسل کے رہنمائوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔طاہر القادری نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹائون کے منصوبہ سازوں کی طلبی کے لیے جلد اپیل سپریم کورٹ میں فائل کر دیں گے،اس حوالے سے وکلاء سے مشاورت آخری مرحلے میں ہے، سانحہ ماڈل ٹائون کا انصاف ہماری پہلی ترجیح ہے، حصول انصاف کے لیے 4سال سے قانونی لڑائی لڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اورسندھ حکومت تھر کے بچوں اور غریب خاندانوں کے لیے خصوصی مالیاتی پیکیج کا اعلان کرے، ریاستی و سائل پر سب سے پہلا حق وسائل سے محروم شہریوں کاہے، قحط اور قدرتی آفات کا شکار خاندانوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے، قومی لٹیرے مال اور کھال بچانے کے لیے ریاست کو بلیک میل کرنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے، ریاست کو اب اپنی موجودگی کا پورا پورا احساس دلانا ہوگا،مافیا کبھی اقتدار اور کبھی اپوزیشن کے لبادے میں ریاست پاکستان پر حملہ آور ہوتاہے، ملک بچانے اور چلانے کے لیے بڑے فیصلوں کی ضرورت ہے،لوٹا مال بازیاب کروانے کے لیے سعودی عرب اور چین کے’’احتسابی ماڈل‘‘ سے استفادہ کیا جائے،سعودی عرب نے مختصر عرصہ میں کرپشن کے اربوں ڈالرز خزانے میں جمع کئے،اس نظام کو جڑ سے اکھاڑ دینا چاہیے جو کرپشن،اقرباء پروری،سازش،جھوٹ اور سانحات کو تحفظ دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی لٹیرے آسانی سے لوٹا مال واپس نہیں کریں گے، نیب نوٹس بھیجنے اور گرفتاریاں کرنے سے ایک قدم آگے بڑھے، گردن پر انگوٹھا رکھنے سے کرپشن کا مال ریکور ہوگا۔