ایف آئی اے نے انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی

جمعہ 12 اکتوبر 2018 18:44

ایف آئی اے نے انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی ای) نے انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور انسداد انسانی سمگلنگ سیلز کے لئے متعلقہ سرکلز میں کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے تحت ایف آئی اے نے انسانی سمگلرز کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے کر فیلڈ یونٹس کو انسانی سمگلروں کے خلاف ہفتہ وار اور ماہانہ رپورٹ ہیڈ کوارٹرز میں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

انسانی سمگلروں کا نام بلیک لسٹ میں بھی رکھا جائے گا تاکہ انہیں امیگریشن کے داخلی اور خارجی پوائنٹس سے گرفتارکیا گیا جا سکے۔ ذرائع نے بتایا کہ بدقسمتی سے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں انسانی سمگلروں کے مختلف گروپس کام کر رہے ہیں جو حقیقت ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ انسانی سمگلروں کے سدباب اور کنٹرول کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ اس حوالے سے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے مائیگرینٹ ایکٹ 2018ء اور پروینشن آف ٹریفکنگ ان پرسنز ایکٹ 2018ء کو نافذ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ انسانی سمگلنگ کی اس مجرمانہ سرگرمیوں کو روکنے کے لئے اینٹی ہیومن سمگلنگ ونگ بھی قائم کیا گیا جو کہ انسانی سمگلنگ جیسی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ہر سال انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے خصوصی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈیٹکشن مشینز بھی نصب کی گئی ہیں جو معاون ہوں گی۔

ذرائع نے بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر کنٹرول کے لئے مختلف ممالک کے ساتھ روابط بھی قائم کئے ہیں تاکہ مل کر کام کر کے انسانی سمگلنگ کا سدباب کیا جا سکے۔ ذرائع نے بتایا کہ انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو کہ مختلف ایجنسیوں کے ساتھ مل کر انسانی سمگلنگ کو کنٹرول کرے گی۔

متعلقہ عنوان :