پی کے78 پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کی شکست کی وجہ سامنے آگئی

پی کے78 پشاور سے عوامی نیشنل پارٹی کی ثمر ہارون کامیاب قرار پائیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 اکتوبر 2018 10:38

پی کے78 پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کی شکست کی وجہ سامنے آگئی
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اکتوبر 2018ء) : ملک بھر میں ضمنی انتخابات 2018ء کے لیے گذشتہ روز پولنگ ہوئی۔ ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کو جہاں لاہور کے حلقہ این اے 131 اور حلقہ این اے 124 سے شکست ہوئی وہیں پشاورکے حلقہ پی کے 78 سے بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ پشاور کے حلقہ پی کے 78 میں پاکستان تحریک انصاف کی ناکامی کی وجہ بھی سامنے آگئی۔

پشاور کے حلقہ پی کے 78 سے پاکستان تحریک انصاف کے عرفان عبدالسلام اور عوامی نیشنل پارٹی کی ثمرہارون بلور کے مابین مقابلہ ہوا۔ ضمنی انتخاب کے لیے کسی مرکزی رہنما نے پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار کے لیے مہم نہیں چلائی ۔ پارٹی رہنماؤں کی عدم توجہی اور مہم میں عدم دلچسپی کی وجہ سے ہی پارٹی کو اس حلقے میں بھی شکست کا سامنا رہا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب شہید ہارون بلور کی اہلیہ ثمر ہارون نے انتخاب میں حصہ لیا۔

بلور خاندان کی پہلی خاتون کا انتخابات میں حصہ لینا بھی عوامی نیشنل پارٹی کی جیت کا سبب بنا۔ ثمر ہارون کو ہمدردی کی بنا پرکافی ووٹس ملے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی کچھ خواتین کارکنان نے بھی ثمر ہارون کو ہی ووٹ دیا۔ اپوزیشن نے بھی پی کے 78 سے عوامی نیشنل پارٹی کی ثمرہارون بلور کی ہی حمایت کی جو اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کی ہار کا موجب بنی۔

یاد رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور عام انتخابات 2018ء میں انتخابی مہم کے دوران بم دھماکے میں شہید ہوگئے تھے تاہم اب ان کی اہلیہ ثمر ہارون بلور نے ضمنی انتخاب میں پشاور کے حلقہ پی کے 78 سے کامیابی حاصل کرلی۔عوامی نیشنل پارٹی کی ثمرہارون بلور20916 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوارعرفان عبدالسلام نے حلقے سے 16819 ووٹس حاصل کیے۔