حکومت سماجی شعبے کی ترقی کیلئے پرعزم ہے، پاکستان جوہری ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں،

خطے کے تمام ممالک میں امن اور استحکام کے خواہاں ہیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ’’عالمی جوہری عدم پھیلائو نظام: چیلنجز اور رد عمل‘‘ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب

پیر 15 اکتوبر 2018 13:46

حکومت سماجی شعبے کی ترقی کیلئے پرعزم ہے، پاکستان جوہری ہتھیاروں کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت سماجی شعبے کی ترقی کے لئے پرعزم ہے، پاکستان جوہری ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں، خطے کے تمام ممالک میں امن اور استحکام کے خواہاں ہیں۔ پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں سٹرٹیجک سٹڈیز انسٹیٹیوٹ اسلام آبادکے زیراہتمام ’’عالمی جوہری عدم پھیلائو نظام: چیلنجز اور ردعمل‘‘ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جوہری ہتھیار صرف دفاع کے لئے ہیں، پاکستان دنیا میں جوہری عدم پھیلاؤ کا حامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی امن کو لاحق خطرات سے مشترکہ طور پر ہی نمٹا جا سکتا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے عالمی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں تنازعے کی بنیادی وجہ ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ پڑوسی ملک کے جوہری تجربات خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے میں رکاوٹ بنے۔ پاکستان کا جوہری پروگرام آئی اے ای اے کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہے۔ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والوں اولین ملکوں میں شامل ہے۔ ایٹمی توانائی کے استعمال سے ملک میں ماحولیاتی آلودگی کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جوہری عدم پھیلاؤ کی کوششوں میں پاکستان متعلقہ اداروں سے تعاون کے لئے تیار ہے۔