ووٹرز نے ضمنی انتخابات میں حکومت کی 52روزہ عوام دشمن تبدیلی مسترد کردی‘ مسلم لیگ (ن)

عمران صاحب نے انتخابی حلقے کھولنے کا وعدہ پورا نہ کیا مگر ان کے جیتے حلقے عوام نے خود ہی کھول دئیے گرین کلین پاکستان مہم کوبڑی کامیابی ملی ، زندہ دلان لاہور نے لاہور کلین کردیا‘ ترجمان مریم اورنگزیب

پیر 15 اکتوبر 2018 13:51

ووٹرز نے ضمنی انتخابات میں حکومت کی 52روزہ عوام دشمن تبدیلی مسترد کردی‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں ووٹرز نے 52روزہ عوام دشمن تبدیلی مسترد کردی، عمران صاحب نے تو انتخابی حلقے کھولنے کا وعدہ پورا نہ کیا مگر ان کے جیتے ہوئے حلقوں کو عوام نے خود ہی کھول دیا۔ضمنی انتخابات کے نتائج پر اپنے رد عمل میں انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخاب میں گرین کلین پاکستان مہم کوبڑی کامیابی ملی اور زندہ دلان لاہور نے لاہور کلین کردیا۔

عوام نے اپنے قائد محمد نوازشریف اور شہبازشریف کی قیادت پر اپنے ووٹ کے ذریعے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ ان کے دل نواشریف، شہبازشریف اور مسلم لیگ (ن)کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور انہیں کسی پراپیگنڈے اور جھوٹ سے اپنے قائدین سے دور نہیں کیاجاسکتا۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام نے فیصلہ دیدیا ہے کہ وہ کیا چاہتے ہیں اور کس کے ساتھ ہیں۔

عوامی سیلاب ٹھاٹھیں مارہا ہے اور اس کا راستہ روکنے والے خود اس میں بہہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے جعلی تبدیلی کا اصلی سیاہ روپ دیکھ لیا ہے اور وہ عوام دشمن ایجنڈہ مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے اہلیان لاہور سمیت ملک بھر میں مسلم لیگ (ن)کو ووٹ دینے والے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہم عوام کے حقوق کے لئے ہر محاذ پر نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں پوری قوت اور جذبے سے عوام کا کیس لڑیں گے اور انہیں مایوس نہیں کریں گے۔