وزیرخزانہ اسد عمر نے بجلی سستی کرنے کا عندیہ دے دیا

5 بڑی ایکسپورٹ انڈسٹریز کے لیے گیس سستی کردی ہے ، بجلی سستی کرنے کا اعلان کل کیا جائے گا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 15 اکتوبر 2018 21:01

وزیرخزانہ اسد عمر نے بجلی سستی کرنے کا عندیہ دے دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2018ء) وزیر خزانہ اسد عمر نے ایکسپورٹ انڈسٹریز کو سستی بجلی فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ 5 بڑی ایکسپورٹ انڈسٹریز کے لیے گیس سستی کردی ہے ، بجلی سستی کرنے کا اعلان کل کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو قائم ہوئے 2 ماہ کا وقت گزر چکا ہے۔

اس عرصے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے لیے انتہائی پر عزم نظر آتی ہے۔اس سلسلے میں جہاں تحریک انصاف کی حکومت مقبول فیصلے کرکے عوامی حمایت سمیٹ رہی ہے وہیں تحریک انصاف کی حکومت کو کچھ سخت فیصلے بھی کرنے پڑ رہے ہیں جس کے باعث عوام خاصی بے چین نظر آتی ہے۔ان میں سے سے زیادہ سخت فیصلہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم اس حوالے سے حکومت عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے اور اس غرض سے پانی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کرنا چاہتی ہے۔تازہ ترین خبر کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر نے بجلی سستی کرنے کا عندیہ دے دیا ہے لیکن اس کا فائدہ عوام کو نہیں بلکہ ایکسپورٹ انڈسٹریز کو ہونے والا ہے۔وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ 5 بڑی ایکسپورٹ انڈسٹریز کے لیے گیس سستی کردی ہے ، بجلی سستی کرنے کا اعلان کل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ عوام کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے کی سمری تیار کرلی گئی ہے جس پر منظوری کا فیصلہ (آج) منگل کو وزیر خزانہ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق بجلی کے نرخوں میں اضافہ سال 2017-2016 اور 2018 کیلئے تجویز کیا گیا ہے جس کے تحت فی یونٹ قیمت میں 3 روپے 75 پیسے اضافے کا امکان ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین سے تقریباً 400 ارب روپے ماہانہ اضافی وصول کیے جائیں گے۔