خواجہ سعد رفیق ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق نے نیب آفس پیش ہو کر بیان قلمبند کروادئیے

منگل 16 اکتوبر 2018 23:10

خواجہ سعد رفیق ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق نے نیب آفس پیش ہو کر بیان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2018ء) مسلم لیگ (ن)کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی وسابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق نے پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں نیب آفس پیش ہوکر بیان قلمبند کروادئیے ۔بتا یا گیا ہے کہ نیب لاہور نے ہائوسنگ کرپشن اسکینڈل میں خواجہ برادران کو کو طلب کیا تھا اور دونوں نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوئے جہاں نیب کی 3رکنی تحقیقاتی ٹیم نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق سے الگ الگ تحقیقات کی اور دونوں بھائی ایک گھنٹے تک نیب دفتر میں رہے۔

ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر خواجہ برادران ہائیکورٹ سے پہلے ہی عبوری ضمانت کراچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق خواجہ برادران پر پیراگون سٹی میں حصہ دار ہونے کا الزام ہے جب کہ ان پر پیراگون سٹی کے ذریعے آشیانہ اقبال سے فوائد لینے کا بھی الزام ہے۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق اس سے قبل بھی 3 مرتبہ نیب کو اپنا بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں اور ان کی جانب سے نیب سوالنامے کا جواب بھی جمع کرایا جا چکا ہے۔

یاد رہے کہ نیب کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر کی جانے والی کرپشن کی تحقیقات کر رہی ہے۔اس سے قبل نیب نے مسلم لیگ (ن)کے صدر اور سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے طلب کیا تھا اور انہیں آشیانہ اقبال ہائوسنگ اسکیم اسکینڈل میں دفتر سے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔