Live Updates

چینی صدر وزیراعظم عمران خان سے ذاتی تعلقات استوار کرنے کے خواہاں

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا گزشتہ ماہ کا دورہ پاکستان بھی اسی سلسلے کی کڑی تھا، اب اس معاملے کو حتمی شکل دینے کیلئے چینی وزیر سانگ تاﺅ بھی پاکستان کے دورے پر ہیں

muhammad ali محمد علی منگل 16 اکتوبر 2018 21:23

چینی صدر وزیراعظم عمران خان سے ذاتی تعلقات استوار کرنے کے خواہاں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر2018ء) چینی صدر وزیراعظم عمران خان سے ذاتی تعلقات استوار کرنے کے خواہاں، چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا گزشتہ ماہ کا دورہ پاکستان بھی اسی سلسلے کی کڑی تھا، اب اس معاملے کو حتمی شکل دینے کیلئے چینی وزیر سانگ تاﺅ بھی پاکستان کے دورے پر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ پاکستان کی حکمران جماعت تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے درمیان بہترین تعلقات قائم کیے جانے کے خواہاں ہیں۔

اس کیلئے ٹاسک چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کو دیا گیا جنہوں نے گزشتہ ماہ پاکستان کے دورہ کے دوران صدر شی کا پیغام وزیر اعظم عمران خان کو پہنچایا۔ اب اسے حتمی شکل دینے کیلئے چینی وزیر سانگ تاﺅ پاکستان کے دورے پر ہیں۔ چین کو پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ جماعتی سطح پر تعلقات نہ ہونے کی وجہ سے عمومی بالخصوص سی پیک منصوبہ میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی لیے چینی صدر شی جن پنگ پاکستانی حکومت کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف سے بھی جماعتی سطح پر تعلقات ضروری سمجھتے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت آنے پر چین جماعتی سطح پر تعلقات کی کمی محسوس کر رہا تھا اس مقصد کے لئے وزیر خارجہ وانگ ژی کو ٹاسک دیا گیا۔ گزشتہ ماہ دونوں حکمران جماعتوں تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی کے درمیان جماعتی سطح پر تعلقات کے قیام کا اصولی طور پر فیصلہ ہوگیا تھا جسے گزشتہ روز چینی وزیر سانگ تاﺅ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات میں حتمی شکل دے کر یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے درمیان نا صرف دونوں ممالک بلکہ دونوں حکمراں جماعتوں کے درمیان بھی تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات