کرنل (ر) مبشر جاوید کا جناح بس ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ اور جنرل بس اسٹینڈ رائے ونڈکا دورہ ، انتظامات کا جائزہ لیا

بدھ 17 اکتوبر 2018 00:02

لاہور۔16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) لارڈ میئربلدیہ عظمیٰ لاہورکرنل (ر) مبشر جاوید نے جناح بس ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ ، جنرل بس اسٹینڈ رائے ونڈکا دورہ کیا اور وہاں انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر لاری اڈا شاہد حسین کلیانی نے میئر لاہور کو جناح بس ٹرمینل ٹھوکر اور جنرل بس اسٹینڈ رائے ونڈ کے آپریشنز پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جناح بس ٹرمینل اور جنرل بس اسٹینڈ رائے ونڈ سے پنجاب کے تمام اضلاع کے مسافر مستفید ہوتے ہیں۔

کرنل (ر) مبشر جاوید نے ہدایت کی کہ لاری اڈا پر مسافروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے اس میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے ۔ا نہوں نے مزید کہا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے رائے ونڈ لاری اڈا کو آپریشنل کیا گیا ہے جس کے ثمرات بھی عوام تک پہنچنے چاہئیں ۔

(جاری ہے)

بعدازاں میئر بلدیہ عظمیٰ لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے یونین کونسل 272 رائے ونڈکا بھی دورہ کیا۔

چیئرمین یونین کونسل دائود احمد خاں نے میئر لاہور کو یونین کونسل میں درپیش سیوریج کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کے زیر کنٹرول علاقوں میں سیوریج کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا ۔میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے یونین کونسل 272 رائے ونڈمیں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا، انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل میں شجرکاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ ماحول سے آلودگی کا خاتمہ ممکن ہو۔