پاکستان اور سعودی عرب کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے ہیں،دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ عقیدے، باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر قائم ہیں،

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے گفتگو

بدھ 17 اکتوبر 2018 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ عقیدے، باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر قائم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی بے پناہ عزت و احترام کرتا ہے، دونوں ممالک کا بہت سے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر یکساں موقف رہا ہے اور انہوں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ سعودی عرب کے وزیر برائے ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواض بن صالح العواض کے حالیہ دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں،ثقافت اور میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون سے دونوں برادر ممالک کے مابین تعاون سے ثقافتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور اس کے تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے۔ سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو اپنا دوست سمجھتا ہے،پاکستان کے ساتھ ہمارے قریبی تعلقات آزمودہ ہیں، دونوں ممالک مضبوط تاریخی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں،مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔