حکومت ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹس اور مقامی کوئلہ کے ذریعے توانائی پیدا کرنے پر بھر پور توجہ دے رہی ہے،بجلی کے مختلف جاری منصوبوں کی تکمیل سے توانائی کے امکانات بہتر ہو جائیں گے،آسٹریا پاکستانی مقامی کمپنیوں کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے ضروری ٹیکنالوجی اور تکنیکی مہارت کی فراہمی میں تعاون کرے گا

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کی آسٹریا کے سفیر سے گفتگو

بدھ 17 اکتوبر 2018 00:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان ملک بھر میں توانائی اور ہائیڈرو الیکٹرک کے مختلف منصوبوں میں آسٹریا کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ انہوں نے یہ بات پاکستان میں آسٹریا کے سفیر بریگٹیا بلاہا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی، اس موقع پر ممبر انرجی بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹس اور مقامی کوئلہ کے ذریعے توانائی پیدا کرنے پر بھر پور توجہ دے رہی ہے تاکہ سستی بجلی کی تیاری کے لئے درآمدی ایندھن پر انحصار کم کر کے عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔وزیر نے توقع ظاہر کی کہ بجلی کے مختلف جاری منصوبوں کی تکمیل سے توانائی کے امکانات بہتر ہو جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ آسٹریا پاکستانی مقامی کمپنیوں کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے ضروری ٹیکنالوجی اور تکنیکی مہارت کی فراہمی میں تعاون کرے گا۔

وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ہائیڈرو اور قابل تجدید بجلی کی تیاری کی بڑی صلاحیت ہے اور ہمیں توقع ہے کہ آسٹریا توانائی کے مختلف شعبوں کی شروعات میں سرمایہ کاری کرے گا۔ بریگٹیا بلاہا نے حکومت کے وژن کو سراہا اور صاف توانائی کی ترقی میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔