پنجاب یونیورسٹی معاشرے کے اختلافات دور کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی‘وائس چانسلر

پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ایسے ہر منصوبے کی مکمل معاونت کرے گی جوسماجی و اقتصادی اعتبار سے ملک وقوم کی فلاح کیلئے ہوگا‘پروفیسر نیاز احمد

جمعرات 18 اکتوبر 2018 19:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز کے اساتذہ اور طلبہ پرزور دیا ہے کہ وہ سماجی و مذہبی اختلافات حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔وہ پنجاب یونیورسٹی شیخ زائد اسلامک سنٹر کے قریب منعقدہ انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز کی نئی عمارت کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف اسلامک سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر طاہر ہ بشارت ، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر سعد صدیقی، سینئر فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز کے اساتذہ اور طلبہ سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں نبی کریم ؐ کی تعلیمات کی روشنی میں اپنے مسائل کا حل ڈھوندنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیزمعاشرے میں مذہبی ہم آہنگی پیدا کرے گا اور امن اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے بحث و مباحثے منعقد کئے جانے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ زائد اسلامک سنٹر اور انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز کو ملک کو درپیش چیلنجز کو حل کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یو نیورسٹی معاشرے کے ہر پہلو کی رہنمائی کیلئے رول ماڈل بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ایسے ہر منصوبے کی مکمل معاونت کرے گی جوسماجی و اقتصادی اعتبار سے ملک وقوم کی فلاح کیلئے ہوگا۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز میں سیر ت النبی ؐ چیئر کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر طاہرہ بشارت، پروفیسر ڈاکٹرسعد صدیقی و دیگر نے انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز کی الگ عمارت قائم کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک دیرینہ مسئلہ تھا جو حل ہونے کی طرف بڑھ رہا ہے۔بعد ازاں وائس چانسلر نے نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔