اتحاد ٹائون پرانی آباد ہے مگر یہاں ماضی میں توجہ نہ ہونے کے باعث بے شمار مسائل ہیں، میئر کراچی وسیم اختر

ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کوشش کریں گے کہ آبادی کی دیگر سڑکوں کو بھی پختہ تعمیر کریں ، سڑک کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:28

اتحاد ٹائون پرانی آباد ہے مگر یہاں ماضی میں توجہ نہ ہونے کے باعث بے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ اتحاد ٹائون پرانی آباد ہے مگر یہاں ماضی میں توجہ نہ ہونے کے باعث بے شمار مسائل ہیں ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کوشش کریں گے کہ آبادی کی دیگر سڑکوں کو بھی پختہ تعمیر کریں تاہم کراچی شہر میں کچی آبادیوں کے مسائل بہت زیادہ ہیں لہٰذا وزیر اعظم پاکستان اس شہر کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں، امید ہے کہ وزیراعظم پاکستان کراچی کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شام بلدیہ ٹائون کے علاقے اتحاد ٹائون کی نو تعمیر شدہ مرکزی سڑک کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ضلع غربی کے چیئرمین اظہار احمد خان، پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی اور یوسی چیئرمین محمد رفیق سمیت منتخب نمائندے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ 50 فٹ چوڑی اور پونے دو کلو میٹر طویل اس سڑک کو بلدیہ عظمیٰ کراچی نے دو کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ 35 سال بعد اس علاقے میں کوئی سڑک تعمیر کی گئی ہے جس سے یہاں کے مکینوں کو سہولت ملے گی سڑک کی تعمیر سے علاقے کے لوگ بہت خوش ہیں مگر مجھے افسوس ہو رہا ہے کہ کراچی جو سارے پاکستان کو مرکزی ریوینو فراہم کرنے والا شہر ہے وہاں کے شہری کس حالت میں زندگی گزار رہے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ اتحاد ٹائون میں صرف سڑکوں کی تعمیر کا ہی مسئلہ نہیں بلکہ تعلیم، صحت، سیوریج، پانی اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی بھی کمی ہے اگر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس وسائل ہوتے تو ہم یہاں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے، شہریوں کو محلے کی سطح پر بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے بلدیاتی اداروں کا مضبوط اور فعال ہونا ضروری ہے، ہمارا مقصد کراچی کے شہریوں کو دیرینہ مسائل سے نجات دلانا ہے جس کے لئے ہر سطح پر کوششیں جاری رہیں گی، منتخب بلدیاتی نمائندوں کا اپنے حلقے کی عوام کے ساتھ قریبی رابطہ ہے اور ان کی مشاورت اور رہنمائی سے ترقیاتی کام کئے جاتے ہیں تاکہ ان کاموں کے ثمرات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکیں، انہوں نے کہا کہ ضلع غربی کے چیئرمین اظہار احمد خان اور یوسی چیئرمین محمد رفیق نے بھی اس سڑک کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی ہے، منتخب عوامی نمائندے حقیقت میں لوگوں کے مسائل حل کرنے پر توجہ کے ساتھ ساتھ محنت بھی کرتے ہیں، اگر ان کو وسائل و اختیارات دیئے جائیں تو لوگوں کے مسائل تیزی سے حل ہوں گے، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے وسائل کو مساوی بنیاد پر شہر کے ہر علاقے میں خرچ کررہی ہے تاہم اتحاد ٹائون کی اہمیت کے پیش نظر اس علاقے کی دیگر سڑکوں کو بھی تعمیر کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اس سڑک پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی جلد کردی جائے گی اس موقع پر ضلع غربی کے چیئرمین اظہار احمد خان، پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی اور یوسی چیئرمین محمد رفیق نے بھی خطاب کیا اور میئر کراچی وسیم اختر کا شکریہ ادا کیا، قبل ازیں میئر کراچی جب سڑک کا افتتاح کرنے پہنچے تو سینکڑوں افراد نے ان کا استقبال کیا اور گل پاشی کی اور ہار پہنائے۔