تحریک انصاف کی حکومت ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، فیصل واوڈا

جمعہ 19 اکتوبر 2018 01:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سمیت تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کے مقدمات میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنا نیب کا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کرپشن کی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) بدعنوان عناصر کی گرفتاریوں پر شور کیوں مچا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) آزادانہ طور پر بلاامتیاز اپنا کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بدعنوانی میں ملوث کسی بھی شخص کو نہیں چھوڑے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے ادوار حکومت میں نیب کو اپنے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ فیصل وائوڈا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت تمام ملکی اداروں کو مضبوط بنانا چاہتی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے اہم و ٹھو س اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔