Live Updates

صاحبزادہ جہانگیر نے معاون خصوصی برائے غیر ملکی سرمایہ کاری کا عہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا

صاحبزادہ جہانگیر نے یہ فیصلہ اپنے خلاف سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں کے بعد کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 اکتوبر 2018 14:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر 2018ء) : تین روز قبل وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز صاحبزادہ عامر جہانگیر کو اپنا معاون خصوصی برائے غیر ملکی سرمایہ کاری مقرر کیا۔صاحبزادہ عامر جہانگیر کی بطور معاون خصوصی برائے غیر ملکی سرمایہ کاری تقرری 11اکتوبر سے کی گئی اور عام جہانگیر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے غیر ملکی سرمایہ کاری کے طور پر خدمات سرانجام دیں گے ۔

کابینہ ڈویژن نے اس سلسلہ میں نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا تھا۔ لیکن صاحبزادہ جہانگیر نے یہ عہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر اپنے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد خبریں دیکھ کر عامر جہانگیر نے یہ عہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ عامر جہانگیر نے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان کا بے حد مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا اور مجھے اپنا معاون خصوصی برائے غیر ملکی سرمایہ کاری مقرر کیا۔

(جاری ہے)

یہ ایک قابل عزت عہدہ ہے۔ میں نے اس عہدے پر تقرری کے بعد کوئی تنخواہ یا مراعات وصول نہیں کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر مجھ پر لگائے جانے والے الزامات سے میرے کام اور بیرون ملک سے سرمایہ کاری لانے کے میرے کام پر گہرا اثر پڑے گا۔ میں اپنے وزیراعظم عمران خان کے لیے کسی مشکل یا مصیبت کا باعث نہیں بننا چاہتا لہٰذا میں نے رضا کارانہ طور پر یہ عہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

صاحبزادہ جہانگیر نے مزید کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی شفاف کاروبار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن کمپنیوں کے حوالے سے مجھ پر الزام عائد کیا گیا میں ان کمپنیوں میں ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات تھا اور ماہانہ تنخواہ وصول کرتا تھا ، میرا ان کمپنیوں میں حصص نہیں تھا۔ میں کسی کمپنی کو دیوالیہ کیسے کر سکتا ہوں جب میں اس کا شئیرہولڈر ہی نہیں ہوں؟ واضح رہے کہ صاحبزادہ عامر جہانگیر کو وزیراعظم عمران خان کا معاون خصوصی برائے غیر ملکی سرمایہ کاری مقرر کیا گیا تو اس معاملے پر خاتون صحافی ثنا بُچہ نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عامر جہانگیر کے خلاف کیسز کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

ثنا بُچہ کا کہنا تھا کہ عامر جہانگیر پر تین مرتبہ بنک نادہندہ ہونے کا الزام ہے، ان سے تین مرتبہ ان لینڈ ریونیو میں تفتیش کی جا کی ہے جبکہ لندن میں بھی انہیں پیسوں کے فراڈ کیس میں مجرم ٹھہرایا گیا ہے۔ یہی نہیں بلکہ لندن کے تمام کسینوز میں بھی ان کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔
واضح رہے کہ صاحبزادہ جہانگیر وزیراعظم عمران خان کے دیرینہ اور قریبی دوست ہیں۔ صاحبزادہ جہانگیر کو عمران خان اور انیل مسرت کے ہمراہ کئی اجلاسوں میں دیکھا گیا۔ صاحبزادہ جہانگیر فوزیہ قصوری کے بھائی ہیں جو لندن میں گذشتہ 40 سال سے مقیم ہیں۔ عمران خان کے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لینے کے بعد صاحبزادہ جہانگیر کو کم و بیش 2 سے 3 مرتبہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ دیکھا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات