بھارت کی جانب سے ایس۔400 میزائل سسٹم کی خریداری سے جنوبی ایشیاء میں سٹریٹجک استحکام مزید عدم استحکام کا شکار ہوگا ،ْپاکستان

جمعہ 19 اکتوبر 2018 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2018ء) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ایس۔400 میزائل سسٹم کی خریداری سے جنوبی ایشیاء میں سٹریٹجک استحکام مزید عدم استحکام کا شکار ہوگا۔جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی ایس ۔400میزائل سسٹم کی خریداری کثیر جہتی ذرائع کے ذریعے بیلسٹک میزائل ڈیفنس(بی ایم ڈی)سسٹم کو حاصل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

ترجمان کے مطابق ا س سے خطے کا سٹریٹجک استحکام مزید عدم استحکام کا شکار اور خطے میں اسلحے کی نئی دوڑ کا آغاز ہوگا۔

(جاری ہے)

مئی 1998میں دونوں ممالک کی جانب سے ایٹمی تجربات کے بعد پاکستان نے بی ایم ڈی سسٹمز کے حصول کیخلاف خطے میں سٹریٹجک رسٹرینٹ رجیم(ایس آر آر)پیشکش کی تھی۔بھارت کی جانب سے پیشکش کو مسترد کرنے پر پاکستان کو دفاعی صلاحیتوں میں اضافے پر مجبور کیا گیا، جو کسی بھی بی ایم ڈی سسٹم کو غیر موثر کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان ہر قسم کے ویپن سسٹم کے خطرات سے مکمل نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، ہم کم سے کم ڈیٹرنس برقرار رکھنے کی پالیسی سے متعلق ملکی دفاع کو یقینی بنانے اور مستقبل میں خطے میں سٹرٹیجک توازن برقرار رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔