پارلیمانی سیکرٹری برائے ایجوکیشن وجیہ اکرم کا اسلام آباد بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر انتظام کلین اینڈ گرین ہائیک کی تقریب سے خطاب

جمعہ 19 اکتوبر 2018 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے ایجوکیشن وجیہ اکرم نے کہا ہے کہ بوائے سکاؤٹس ملک کو صاف رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، انہیں نہ صرف خود صاف ستھرے پاکستان کیلئے وزیراعظم کے وژن کی روشنی میں اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں بلکہ اپنے اہلخانہ اور کمیونٹی کے دیگر افراد کو بھی ان کوششوں میں شامل کرنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر انتظام کلین اینڈ گرین ہائیک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران بالخصوص صوبائی سیکرٹری عبدالحئی شیخ، اسسٹنٹ صوبائی کمشنرز ڈاکٹرمحمدرفیق، ڈاکٹر محمد افضل بابر، عبدالمنعم زاہد ڈویژنل کمشنر غلام دستگیر، سکولز و کالجز کے پرنسپل صاحبان اور سکاؤٹ لیڈرز کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری تعلیم وجیہ اکرم نے سکائوٹس سے خطاب میں درختوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ملک بھر میں ہونیوالی شجرکاری کے حوالہ سے سکاؤٹس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے سکاؤٹنگ کے مسائل کے حل اور وسائل کی فراہمی کیلئے بھی اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ دامن کوہ میں منعقد ہونے والی تقریب سے اسلام آباد بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی کمشنر حسنات احمد قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بوائے سکاؤٹس نے قومی تعمیر کی سرگرمیوں میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے اور وزیراعظم پاکستان کے وژن، صاف اور سرسبز پاکستان ے لئے بھی سکاؤٹس ہراول دستے کے طور پر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اس سے قبل اسلام آباد بوائے سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری عبدالحئی شیخ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ اس خصوصی ہائیک کا مقصد صفائی کے سلسلہ میں شعور بیدار کرنا اور لوگوں کو ترغیب دینا ہے کہ وہ عوامی مقامات کو صاف ستھرا رکھنے کے سلسلہ میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس ہائیک میں اسلام آباد کے سرکاری و پرائیویٹ اسکولز کے پانچ سو سے زائد سکاؤٹس نے حصہ لیا اور وہ ہائیکنگ کے دوران مارگلہ ہائیکنگ ٹریک کو صاف کرتے ہوئے دامن کوہ پہنچے جہاں اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔

قبل ازیں ہائیک کی افتتاحی تقریب اسلام آباد کالج فار بوائز میں منعقد ہوئی۔ صوبائی کمشنر اسلام آباد بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن حسنات احمد قریشی نے ہائیک کے شرکاء کو ہدایات دیں اور انہیں نیک خواہشات کے ساتھ رخصت کیا۔ انہوں نے علامتی طور پر کچھ فاصلہ تک ہائیک کی قیادت بھی کی۔ ہائیک کے انعقاد کے سلسلہ میں جن شخصیات اور اداروں نے تعاون کیا ان میں اسلام کالج فار بوائز کے پرنسپل محمد رفیق ، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، اسلام آباد پولیس، ٹریفک پولیس ، پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک اور تمام اداروں کے پرنسپل شامل ہیں۔