مقبوضہ کشمیر : حریت فورم کی بھارتی جبر واستبدا د کی مذمت

کشمیریوں کو اپنے ہی گھر میں یرغمال بنا لیا گیا ہے،میر واعظ

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 12:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میںقائم حریت فورم نے کہا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کی جارحانہ اور ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی میں روز بہ روز شدت آرہی ہے اور بھارتی فورسز روز کشمیری نوجوانوں کو قتل کر رہی ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجما ن نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں نظر بندی، جامع مسجد سرینگر کو مقفل کر کے لوگوں س میں جمعہ کی نماز کی ادائیگی سے روک کر مسلمانوںکے دینی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کی۔

ترجمان نے کہا کہ قابض انتظامیہ نے جامع مسجد کو مسلسل دوسرے ہفتے جبکہ روان برس مجموعی طور پر پندرھویں مرتبہ سیل کر کے شہریوں کو جمعہ کی نماز پڑھنے سے روکا۔

(جاری ہے)

انہوںنے اقوا م متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کی تنظیموںپر زور دیا کہ و ہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میںانسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔میر واعظ عمر فاروق کی ہدایت پر غلام نبی زکی قیادت میں عوامی مجلس عمل کا ایک وفد شہید نوجوانوںکے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سرینگر کے علاقوں فتح کدل اور خانیار گیا ۔

دریں اثنا میر واعظ عمر فاروق نے بھی اپنے ایک ٹویٹ میں پابندیوں ، گرفتاریوں اور جامع مسجد کو سیل کرنے کے قابض انتظامیہ کے ناروا اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کشمیریوں کو اپنے ہی گھر میں یرغمال بنا لیا گیا ہے اور کشمیر میں سوائے ریاستی جبر کے قانون نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔