حکومت کسی بد عنوان کو نہیں چھوڑے گی، نعیم الحق

پیر 22 اکتوبر 2018 00:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک میں قانون کی بالا دستی پر مکمل یقین رکھتی ہے،ہماری حکومت کسی بد عنوان کو نہیں چھوڑے گی۔اتوار کوایک نجی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ماضی میں حکمرانوں نے قانون کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کیا لیکن اب ملک میں قانون کی بالا دستی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

نعیم الحق نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے نہ صرف قومی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا بلکہ قومی اداروں کو بھی نقصان پہنچایا۔ آصف علی زرداری سمیت پی پی پی کے رہنمائوں کے مختلف ممالک میںاثاثے ہیں اور یہ عناصر مختلف بد عنوانی کے مقدمات میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اپنے ادوار میںاربوں روپے کی کرپشن کی اور عوام کی فلاح و بہبودکے لئے کچھ نہیں کیا۔

نعیم الحق نے کہا کہ ماضی میں بے نظیر بھٹو نے ملک میں دوبارہ سیاست شروع کرنے کے لئے پرویز مشرف کے ساتھ این آر او کیا۔ انھوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو(نیب)نے بد عنوان عناصر کی فہرست تیار کر رکھی ہے اور یہ وہ ادارہ ہے جو جلد ان کا احتساب کرے گا۔ تجاوزات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران متعلقہ ٹیمیںکسی غریب کا گھر نہیں گرا رہیں۔