Live Updates

سی پیک سے قومی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا،

وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب قومی معیشت کے حوالے سے مثبت تبدیلیوں کا سبب بنے گا، احمد جواد

منگل 23 اکتوبر 2018 11:06

سی پیک سے قومی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) بزنس مین پینل کے سیکرٹری جنرل احمد جواد نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) سے قومی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کا حالیہ دورہ سعودی عرب قومی معیشت کے حوالے سے مثبت تبدیلیوں کا سبب بنے گا۔

منگل کو ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت زرعی شعبہ کی ترقی کی پالیسی سے پاک چین دوطرفہ تجارت میں پاکستان کے تجارتی خسارہ میں 9 ارب ڈالر سے زائد کی کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چین کی خوراک کی درآمدات 99.6 ارب ڈالر ہیں جن میں پاکستان کا حصہ صرف 0.37 فیصد ہے جو تقریباً 0.4 ارب ڈالر بنتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت زرعی شعبہ کی ترقی کے منصوبہ سے چین کو کی جانے والی برآمدات کے اضافہ سے زرمبادلہ کے حصول میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کے تجارتی خسارہ میں بھی 9 ارب ڈالر تک کمی لائی جا سکے گی۔

احمد جواد نے بتایا کہ سی پیک کے ساتھ خصوصی زونز کے قیام سے ملک میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیداوار میں ریکارڈ اضافہ کے ذریعے غذائی خودکفالت و تحفظ کے حصول اور برآمدات کے فروغ میں مدد حاصل ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں احمد جواد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب سے قومی معیشت کے استحکام میں مدد حاصل ہوگی اور سرمایہ کاری کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت سے غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی معاونت حاصل ہوگی جس سے قومی معیشت پر مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات