قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اورانفارمیشن ڈپارٹمنٹ، گلگت بلتستان کے مابین مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق

جمعہ 26 اکتوبر 2018 12:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2018ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اورانفارمیشن ڈپارٹمنٹ، گلگت بلتستان کے مابین ابلاغ عامہ کی ترقی اور نوجوانوں کو شعبہ ابلاغ عامہ میں جرنلزم کورسز اور ڈاکومنٹری پروڈکشن سمیت ایف ایم ریڈیو کے قیام کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔اس حوالے سے وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرعطاء اللہ شاہ اور سیکریٹری انفارمیشن فدا حسین کے مابین ملاقات میں کیا گیا۔

اس موقع پر ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان، ڈائریکٹر آئی پی ڈی محمد الیاس ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن فاروق احمد اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ایف ایم کوآرڈینیٹر شمس الرحمن رومی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں اطلاعات کی رسائی آسان بنانے اور خطے کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں میڈیا کا اہم کردار ہے اور ہم شعبہ ابلاغ عامہ کے زیر اہتمام پیشہ وارانہ تربیت سے آراستہ افرادی قوت سامنے لانے کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے شعبہ ابلاغ عامہ کے طلباء سمیت گلگت بلتستان کے صحافیوںکو فلم میکنگ ، ویڈیو پروڈکشن اینڈ ایڈیٹنگ سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال پر آئی پی ڈی کے زیر اہتمام مختلف کورسز کروا رہے ہیں تاکہ صحافی پیشہ وارانہ امور کو بہتر انداز میں سر انجام دے سکیں۔

ان کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ عوام کی سماجی تربیت ، حالات حاضرہ سے آگاہی اور قوم آہنگی سمیت گلگت بلتستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلیئے انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کے اشتراک سے مختلف سیمینارز اور آگاہی کے پروگراموں کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری انفارمیشن نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ کے مختلف پروگراموںاور صحافیوں کو پیشہ وارانہ تربیت کے کورسز کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ادارے کی جانب سے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کروائی۔