سرمایہ کاری بورڈ کے زیرانتظام منعقدہ پاک جرمنی انوسٹمنٹ فورم میں جرمن وزارت اکانومی، انرجی اینڈ ٹیکنالوجی، جرمنی کے وفاقی ایوان صنعت و تجارت سمیت 40 سے زائد جرمن کمپنیوں کے حکام کی شرکت

جمعہ 26 اکتوبر 2018 12:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2018ء) سرمایہ کاری بورڈ کے زیر انتظام منعقدہ پاک جرمنی انوسٹمنٹ فورم میں جرمنی کی وزارت اکانومی ، انرجی اینڈ ٹیکنالوجی ، جرمنی کے وفاقی ایوان صنعت و تجارت سمیت 40سے زائد جرمن کمپنیوں کے حکام نے شرکت کی ۔سرمایہ کاری بورڈ کے بیان کے مطابق فورم میں شریک کمپنیوں میں جرمنی کے الیکٹرانکس ، انڈسٹریل پلانٹس ، کنسلٹینسی، آئی ٹی ، ڈیری ، انرجی ، فنانشل سیکٹرز ، تعلیم و صحت کے شعبوں سمیت مختلف شعبہ جات میں خدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں شامل ہیں۔

اس موقع پر سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین و وزیر مملکت ہارون شریف نے جرمن سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع ، سہولیات اور منافع جات کے منتقلی کے حوالے سے بتایا اور کہا کہ حالیہ برسوں میں پاک جرمن اقتصادی روابط میں اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں سو ملین آبادی 35سال سے کم عمر ہے جو بہترین تربیت یافتہ اور ہنر مند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت قومی معیشت کے مختلف شعبہ جات میں خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے مختلف ممالک میں اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔انہوں مزید کہا کہ پاکستان کے انرجی ، آئی ٹی ، فوڈ اینڈ ڈیری سمیت دیگر مختلف شعبوں اور سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع اور پرکشش مواقع موجود ہیں جن سے جرمن سرمایہ کار خاطرخواہ استفادہ کر سکتے ہیں۔