قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف سے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کی ملاقات

منگل 30 اکتوبر 2018 00:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اکتوبر2018ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف سے سابق صدر شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے پیر کو پارلیمنٹ میں اپنے چیمبر کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، آصف زرداری نے میری خیریت دریافت کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے ساتھ ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا تاہم آل پارٹیز کانفرنس کے حوالہ سے بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جلدی میں کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھانا چاہتے جس سے اپوزیشن جماعتوں کو نقصان پہنچے۔ مولانا فضل الرحمن کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ وہ ہمارے اتحادی رہے ہیں، ایک منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، وہ ہمارے ساتھ اور ہم ان کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سیاست میں ملاقاتیں ہوتی ہیں، دروازے بند نہیں کئے جا سکتے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کے متفقہ اپوزیشن کے حوالہ سے جو تحفظات ہیں ان کو دور کیا جانا چاہئے، آل پارٹیز کانفرنس کی باتیں قبل از وقت ہیں، حکومت کو ابھی تھوڑا وقت ملنا چاہئے تاکہ ہم دیکھ سکیں کہ وہ عوام کیلئے کیا کرتی ہے۔