اوپن یونیورسٹی نے پوسٹ گریجویٹ طلبہ کو رول نمبر سلپس ارسال کردئیے

امتحانات 12سے شروع ہوں گے

جمعہ 2 نومبر 2018 16:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 نومبر2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2018 کے بی بی اے ،ْ پی جی ڈی ،ْ بی ایس ،ْ ایم ای/ایم ایس سی ،ْ ایم ایس/ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخل طلبہ و طالبات کو فائنل امتحانات کے رول نمبر سلپس ارسال کردئیے، طلبہ و طالبات رول نمبر سلپس یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈائون لوڈ بھی کرسکتے ہیں،امتحانات12 نومبر سے شروع ہوں گے جو31 دسمبر تک جاری رہیں گے۔

کنٹرول امتحانات ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق طلبہ و طالبات کو قریب ترین مقامات پر امتحانات میں شرکت کی سہولت فراہم کرنے کیلئے شعبہ امتحانات نے ضلع اور تحصیل سطح پر 850 امتحانی مراکز قائم کردئیے ہیں۔امتحانات کے نظام کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے امتحانی مراکز میں سخت نگرانی کا نظام بھی نافذ کردیا گیا ہے اور اس ضمن میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

امتحانی مراکز میں طلبہ کو ہر قسم کی ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ کنٹرولر امتحانات کے مطابق اُمیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمرہ امتحان میں پہنچنے سے پہلے رول نمبر سلپ پر درج ہدایات غور سے پڑھیں۔ ایسا کرنا خود اُن کے لئے بہت مفید ثابت ہو گا۔ علاوہ ازیں طلبہ و طالبات کو فائنل امتحان میں شرکت کے لئے نادرا کا جاری کردہ قومی شناختی کارڈ بھی اپنے ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :