ن لیگ سے قومی اسمبلی کی نشست چھن جانے کا امکان

این اے 91 سرگودھا میں دوبارہ گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا، لیگی امیدوار ذوالفقار بھٹی صرف 87 ووٹوں کے مارجن سے کامیاب ٹھرے تھے

muhammad ali محمد علی پیر 5 نومبر 2018 22:47

ن لیگ سے قومی اسمبلی کی نشست چھن جانے کا امکان
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 نومبر2018ء) ن لیگ سے قومی اسمبلی کی نشست چھن جانے کا امکان، این اے 91 سرگودھا میں دوبارہ گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا، لیگی امیدوار ذوالفقار بھٹی صرف 87 ووٹوں کے مارجن سے کامیاب ٹھرے تھے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما کی درخواست پر حلقہ این اے 91 میں دوبارہ گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ حلقہ این اے 91 سرگودھا میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عامر سلطان چیمہ کی جانب سے تیسری بار دوبارہ گنتی کی درخواست دی گئی تھی۔

دوبارہ گنتی کی درخواست سپریم کورٹ میں دی گئی جس کے بعد اعلی عدلیہ نے دوربارہ گنتی کے احکامات جاری کیے تھے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے جاری ہونے کے بعد تحریک انصاف کے رہنما عامر سلطان چیمہ نے قوائد و ضوابط کے تحت الیکشن کمیشن کے اکاؤنٹ میں 18 لاکھ روپے کے قریب رقم بھی جمع کروائی۔

(جاری ہے)

رقم جمع کروانے کے عمل کے بعد اب ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 20 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات میں این اے 91 سرگودھا کے حلقے میں تحریک انصاف کے عامر سلطان چیمہ کامیاب قرار دیے گئے تھے۔ تاہم بعد ازاں جیت کے ووٹ کا مارجن انتہائی کم ہونے پر ن لیگی امیدوار ذوالفقار بھٹی نے دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی۔ دوبارہ گنتی کے بعد تحریک انصاف کے رہنما سے فتح چھن گئی تھی اور ن لیگ کے امیدوار کو صرف 87ووٹوں کی برتری سے فتحیاب قرار دے دیا گیا تھا۔