ون ڈے سیریز، قومی ٹیم کو18سال پرانا بدترین ریکارڈ برابر نہ کرنےکا چیلنج درپیش

نیوزی لینڈ گزشتہ 13میچز میں پاکستان سے ایک بھی مقابلہ نہیں ہاری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 8 نومبر 2018 22:04

ون ڈے سیریز، قومی ٹیم کو18سال پرانا بدترین ریکارڈ برابر نہ کرنےکا چیلنج ..
ابو ظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8نومبر2018ء) قومی ٹیم کو نیو زی لینڈ کےخلاف حالیہ ون ڈے سیریزمیں اپنا 18سال پرانا بدترین ریکارڈ برابر نہ کرنےکا چیلنج درپیش ہے ۔ گرین شرٹس دسمبر2014ءکے بعد سے ا ب تک کیویز کےخلاف ایک بھی ون ڈے میچ جیتنے میں ناکام رہی ہے ،گزشتہ 4سال کے دوران پاکستان اور نیوزی لینڈ13ون ڈے میچز میں آمنے سامنے آئے ہیں جن میں ایک بارش کی نذر ہوگیا جبکہ کیویز نے دیگر12مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ۔

پاکستان کا کسی بھی ٹیم کےخلاف مسلسل ناکامیوں کا ریکارڈ 14میچز تک محیط رہا ہے جب1995ءسے2000ءکے دوران جنوبی افریقہ نے مسلسل14میچز میں اسے شکستوں سے دوچار کیا تھا ، جنوبی افریقہ کے علاوہ دو مرتبہ کی سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز نے 93-1992ءمیں پاکستان کےخلاف لگاتا ر9میچز جیتے تھے ، کالی آندھی نے 1975ءسے1981 ءکے دوران بھی مسلسل7میچز میں پاکستان کو ہرایا تھا ، انگلینڈ نے 16-2015ءمیں لگاتار 7میچز میں گرین شرٹس کو شکست سے دوچار کیا تھا ۔

(جاری ہے)

ٹی ٹونٹی میں نمبر ون پاکستان ون ڈے میں کمزور ٹیموں کا شکاری ثابت ہوا۔ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان کا طوطی بول رہا ہے، عالمی نمبر ون ٹیم نے مسلسل 11سیریز فتوحات، لگاتار 11بار ہدف کے کامیابی سے تعاقب اور ایک سال میں 17میچ جیتنے کے ریکارڈز اپنے نام کرلیے ہیں، مسلسل 9مقابلوں میں فتح کا قومی ریکارڈ بھی بن گیا۔گرین شرٹس کا اگلا امتحان نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز ہے،ٹی ٹونٹی کے برعکس اس فارمیٹ میں پاکستان کی کارکردگی قابل رشک نہیں،گرین شرٹس نے رواں سال 15میچز میں 7فتوحات حاصل کی ہیں۔

ان میں سے بھی 5زمبابوے، ایک ،ایک افغانستان اور ہانگ کانگ جیسی کمزور ٹیموں کیخلاف تھیں۔ون ڈے کرکٹ میں فتوحات کے لحاظ سے انگلینڈ سرفہرست ہے جس نے 24میں سے 16میچ جیتے اور 6میں مات کھائی، 2 مقابلے بے نتیجہ رہے۔ کامیابی کا تناسب 73.91 فیصد ہے، دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈکی فتح کی شرح 70 فیصد ہے۔بھارت کی کامیابیوں کا تناسب بھی اتنا ہی لیکن معمولی فرق کی وجہ سے تیسری پوزیشن پر ہے، اس کے بعد بالترتیب بنگلہ دیش 64.70، آئرلینڈ 61.53، افغانستان 60.00، جنوبی افریقہ 53.33، نیدرلینڈز50، پاکستان 46.45، ویسٹ انڈیز 46.66 فیصد میچ جیت کر ٹاپ 10میں شامل دیگر ٹیمیں ہیں۔
ون ڈے سیریز، قومی ٹیم کو18سال پرانا بدترین ریکارڈ برابر نہ کرنےکا چیلنج ..