نہ ہیلمٹ نہ لائسنس اور اوپر سے اوور لوڈنگ

شہری کا 7450 روپے کا چالان کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 9 نومبر 2018 12:23

نہ ہیلمٹ نہ لائسنس اور اوپر سے اوور لوڈنگ
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 ستمبر 2018ء) : ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کا چالان کرنے کا سلسلہ تو جاری ہے لیکن حال ہی میں ایک شہری کا 7450 روپے کا چالان کر دیا گیا ۔اوجلہ کے قریب موٹرسائیکل سوار کا 7450 روپے کا چالان کر دیا، مہنگے ترین چالان کی چٹ ملنے پر موٹر سائیکل سوار بھی سیخ پا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز موٹروے پولیس نے ندیم نامی شہری کو ہیلمٹ نہ پہننے ، لائسنس نہ ہونے اور اوورلوڈنگ کے ساتھ ساتھ غلط سائیڈ پر موٹرسائیکل چلانے کی بنیاد پر 7450 روپے کا چالان تھمایا تو شہری نے احتجاج شروع کر دیا لیکن موٹر وے پولیس کے اہلکاروں نے ایک نہ سنی اور دھکے مارتے ہوئے وہاں سے جانے کو کہا ، ندیم نے بتایا کہ اس نے بھاری چالان کرنے کی وجہ پوچھی تو دھمکیاں دے کر بھگا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی لانے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے بھی کئی اقدامات کیے جن میں سے ایک موٹرسائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ لازمی قرار دینا تھا۔ اس حوالے سے سی ٹی او لاہور کے مطابق یکم نومبر سے مال روڈ پر موٹرسائیکل پر سوار دونوں افراد کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی ہوا۔ موٹر سائیکل پر سوار چاہے مرد ہوں یا خواتین، دونوں افراد کے لیے ہیلمٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل سواروں کے لیے سائیڈ مرر استعمال کرنا بھی لازمی ہو گا اور خلاف ورزی کرنے پر دو سو روپے جُرمانہ عائد کیا جائے گا۔ دوسری جانب پشاور میں سکھ برادری کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دے دیا جا چکا ہے۔ سکھ برادری کو ان کی مذہبی پگڑی کی وجہ سے اس پابندی سے مستثنیٰ کیا گیا۔سکھ برادری کو ہیلمٹ کی پابندی سے استثنیٰ دینے کے لیے ایک مقامی سکھ شخص سردار رنجیت سنگھ نے آواز اُٹھائی تھی جس پر پولیس نے ان کے مطالبے کو تسلیم کر لیا۔