مولانا سمیع الحق کے بہیمانہ قتل پر حکومتی خاموشی درست نہیں،

ان کی شہادت میں ملوث درندوں کو فی الفور گرفتار اور دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا انتہائی ضروری ہے سیکولر لابی سوشل میڈیا پر مولانا سمیع الحق کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈہ کر رہی ہے،حکمران ملک کو مدینہ جیسی ریاست بنانا چاہتے ہیں تو سیرت رسول ﷺ پر عمل پیرا ہوں یہ فیصلہ کن مرحلہ کا وقت ہے، قرآن کی رہنمائی میں پالیسیاں ترتیب دیں گے تو آئی ایم ایف سے سودی قرضوں کی بھیک مانگنے کی بھی ضرورت نہیں رہے گی، آسیہ مسیح کیس میں کسی بیرونی دبائو کو خاطر میں نہیں لانا چاہیے۔،نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 9 نومبر 2018 19:44

مولانا سمیع الحق کے بہیمانہ قتل پر حکومتی خاموشی درست نہیں،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق کے بہیمانہ قتل پر حکومتی خاموشی درست نہیں۔ان کی شہادت میں ملوث درندوں کو فی الفور گرفتار اور دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا انتہائی ضروری ہے۔ سیکولر لابی سوشل میڈیا پر مولانا سمیع الحق کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈہ کر رہی ہے۔

ان کی شہادت میں اسلام اور پاکستان دشمن قوتیں ملوث ہیں۔ حکمران ملک کو مدینہ جیسی ریاست بنانا چاہتے ہیں تو سیرت رسول ﷺ پر عمل پیرا ہوں۔یہ فیصلہ کن مرحلہ کا وقت ہے، قرآن کی رہنمائی میں پالیسیاں ترتیب دیں گے تو آئی ایم ایف سے سودی قرضوں کی بھیک مانگنے کی بھی ضرورت نہیں رہے گی۔ آسیہ مسیح کیس میں کسی بیرونی دبائو کو خاطر میں نہیں لانا چاہیے۔

(جاری ہے)

وہ جامع مسجد القادسیہ میںنماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔جماعةالدعوة کے زیر اہتمام ملک بھر کی مساجدمیں خطبات جمعہ کے دوران مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا اور مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ مولانا سمیع الحق کو جس طرح بے دردی سے خنجروں کے وار کر کے شہید کیا گیا اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔

اگر پاکستان میں مغربی ملکوں کا کوئی پسندیدہ شخص قتل ہو جاتا تو حالات بالکل مختلف ہوتے لیکن اس وقت صورتحال یہ ہے کہ قاتلوں کی گرفتاری سے متعلق سنجیدہ نوعیت کے اقدامات نہیں اٹھائے جارہے۔ اس سے سیکولر طبقہ کو پروپیگنڈہ کا موقع مل رہا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا پر ان کیخلاف بے بنیاد الزام تراشیوں کا نوٹس لے، صحیح انداز میں تفتیش کی جائے اور ان کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

انہوںنے کہاکہ مولانا سمیع الحق کو شہید کرنے والے درندوں کو بے نقاب کرنے سے سیکولر طبقہ کے منہ بند ہوں گے اور اصل حقائق دنیا کے سامنے لائے جاسکیں گے۔ شہیدمولانا سمیع الحق نے اسلام و پاکستان کے دفاع کیلئے زبردست کردار ادا کیا۔ انہوںنے ہمیشہ فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر مذہبی و سیاسی قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا۔حکومت اس سانحہ پر خاموشی اختیار کرنے کی بجائے پیدا ہونیو الی غلط فہمیوں کا ازالہ کرے۔

پاکستانی قوم توقع رکھتی ہے کہ حکومت جلد اس معاملہ کو حل کرے گی۔ اللہ تعالیٰ مولانا سمیع الحق کی عزت کی حفاظت کرے گا اورقاتلوں سے بھی انتقام لے گا۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ دشمن قوتوںنے پاکستان کو اس وقت خاص طور پرہدف بنا رکھا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر وطن عزیز پاکستان سے معاشی معاہدے نہ کرنے کیلئے دبائو بڑھایا جارہا ہے اور اپنی مرضی کے فیصلے مسلط کئے جارہے ہیں۔

نبی اکرم ﷺ کے دور میں بھی ایک طرف صلیبیوں و یہودیوں اور دوسری جانب مشرکین کا گھیرائو تھا۔پاکستان کو بھی آج ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے۔ حکمران اگر اس ملک کو مدینہ کی ریاست جیسا بنانا چاہتے ہیں تو پھر انہیں دیکھنا ہو گا کہ اللہ کے رسول ﷺ نے ان حالات میں دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کیسے کیا تھا ۔اہل اقتدار اگر آج مشکل حالات اور آزمائش میں استقامت کا راستہ اختیار کریں گے تو پھرانہیں بیرونی قوتوں کے سامنے جھکنا نہیں پڑے گا۔

حکمرانوں، عدلیہ اور مقننہ سمیت سب اداروں کو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد ہوجانا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ افسوسناک امر یہ ہے کہ مسلم حکمران قرآن پاک کا مطالعہ نہیں کرتے اور مسائل کے حل کیلئے کتاب و سنت سے رہنمائی نہیں لی جاتی۔کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا یہ ملک اللہ رب العزت کی بہت بڑی نعمت ہے۔ بیرونی قوتوں نے جس طرح نظریہ پاکستان پر وار کر کے مشرقی پاکستان کو الگ کیا اسی طرح بلوچستان میں بھی علیحدگی کی تحریکیں پروان چڑھانے کی کوششیں کی گئیں۔

دشمن ملک سمجھتے ہیں کہ اگر پاکستان مضبوط و مستحکم رہے گا توان کے سرمایہ دارانہ نظام باقی نہیں رہیں گے اور ڈالر اور یورو کی حکمرانی برقرار نہیں رہ سکے گی اس لئے وہ ہر صورت اسے کمزور اور عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ دریں اثناء دفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، سیف اللہ خالد، محمد یعقوب شیخ اور دیگر رہنمائوںنے مختلف شہروں میں نماز جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مولانا سمیع الحق کے بہیمانہ قتل سے پوری مسلم امہ کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔

انہیں شہید کرنا وطن عزیز پاکستان کو عدم استحکام کی صورتحال سے دوچار کرنے کی بین الاقوامی سازش کا نتیجہ ہے۔مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو فی الفورگرفتار کر کے وطن عزیز پاکستان کیخلاف گہری سازش کا پردہ چاک کیا جائے۔