گورنر سندھ کی صدارت میں ربیع الاوّل میں امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلہ میں اجلاس

جمعہ 9 نومبر 2018 20:28

گورنر سندھ کی صدارت میں ربیع الاوّل میں امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلہ ..
کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل کی صدارت میں ربیع الاوّل میں امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلہ میں گورنر ہائوس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعیدسمیت تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مفتی منیب الرحمان ، علامہ عباس کمیلی، الحاج حنیف طیب، شاہ عبدالحق، مولانا کوکب نورانی اکاڑوی، صدیق راٹھور، یوسف سلیم عطاری، پیر اظہر شاہ ہمدانی، مولانا اکبر درس،شاہ سراج الحق، عاطف بلو سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں ربیع الاوّل کو عقیدت و احترام سے منانے کے لئے ہر ممکن اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 12 ربیع الاوّل تمام مسلمانوں کے لئے عید کا دن ہے کیونکہ اس دن نبی کریمؐ کی ولادت با سعادت ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جلوسوں اور محافل کی سیکیورٹی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل رینجرز محمد سعید نے علمائے کرام سے کہا کہ وہ اجازت کے بغیر نکلنے والے جلوسوں اور محافل کے بارے میں رینجرز ہیلپ لائن کو 1101 پر مطلع کریں تاکہ انہیں سیکیورٹی فراہم کی جاسکے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ربیع الاوّل تمام مسلمانوں کے لئے متبرک مہینہ ہے اور اس ماہ ِ مبارک کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنا اشد ضروری ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی ذات اقدس تمام انسانوں کے لئے رحمت کا باعث ہے جبکہ آپؐ کے اخلاقِ کریمہ کے غیر مسلم بھی معترف ہیں۔ گورنر سندھ نے کہاکہ تمام مسلمانوں کو اپنے مسلکی اختلافات بھلا کر نبی مکرمؐ کی ولادت کے ماہ میں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہئیے۔

اجلاس میں تمام علمائے کرام نے قانون نافذکرنے والے اداروں اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ علمائے کرام نے سیکیورٹی، امن و امان کی صورتحال، راستوں سے تجاوزات کے خاتمے اور حساس مقامات پر مزید نفری جیسے مسائل کی نشاندہی بھی کی۔