وزیراعظم پیکج کے تحت ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ

2013ء سے 2015ء تک کے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا جائے گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 10 نومبر 2018 11:59

وزیراعظم پیکج کے تحت ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 نومبر 2018ء) : وزیراعظم پیکج کے تحت ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پیکج کے تحت مختلف اداروں میں 2013ء سے 2015ء تک کے ملازمین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ وزیراعظم پیکج کے تحت 2013ء سے 2015ء تک دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے ورثا بھی یہ مراعات حاصل کر سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ریلوے، سول ایوی ایشن اور وزارت داخلہ کے ذیلی اداروں سمیت مختلف سرکاری محکموں میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ملازمین کو ریگولر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین نے مطالبات پورے ہونے تک 126دن کا دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ڈیلی ویجز اور کانٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ملازمین نے یوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن کی نجکاری کے خلاف احتجاج کیا اور ڈی چوک پر دھرنا دیا۔ دھرنے میں سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی تھی۔ ملازمین نے پلے کارڈ اور بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ حکومتی وفد ، جس میں نعیم الحق اور فرخ حبیب و دیگر شامل تھے ، نے مظاہرین سے مذاکرات کیے تھے ۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مظاہرین کے تمام مطالبات تسلیم کرتے ہیں۔

یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کوگھر اورہیلتھ کارڈ جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرتجارت کے بیرون ملک ہونے سے ابھی نوٹیفکیشن نہیں ہوسکتا۔اُن کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورزکے تمام کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز ملازمین کومستقل کریں گے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کے کسی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا۔ یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن کوبند نہیں کریں گے بلکہ اسے بچائیں گے۔ تاہم اب حکومت نے محکمہ ریلوے، سول ایوی ایشن اور وزارت داخلہ کے ذیلی اداروں سمیت مختلف سرکاری محکموں میں ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ملازمین کو ریگولر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے مذکورہ محکموں کے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔