لیثررلیگس کا کراچی اور حیدرآباد کے بعد اندرون سندھ بھی آغاز

اسکول اینڈ اکیڈمیزلیگس اور ٹورنامنٹ کے انتظامات مکمل، رواں ماہ کھیلے جائیں گے

منگل 13 نومبر 2018 19:39

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) لیثررلیگس کے تعاون سے اندرون سندھ بھی فٹبال سرگرمیوں کا آغاز رواں ماہ ہونے جا رہا ہے۔ گذشتہ دنوں لیثررلیگس کے پروجیکٹ ہیڈ ریاض احمد نے جیکب آباد، روہڑی ، سکھر، خیرپور اور داوو کا دورہ کیا جہاں جیکب آباد کے صدر نذر بروہی، فٹبالر آرگنائزر سہراب کھوسو، اصغر بروہی، فیفا ریفری غنی جمالی، سیکریٹری خیر پورجاوید سومرو، ڈسٹرکٹ دادو کے علی حیدر جمالی، سکھر کے امداد علی شاہ ودیگر سے مذکورہ ڈسٹرکٹس میں لیثررلیگس کی جانب سے اسکول اینڈاکیڈمیز لیگس اور ٹورنامنٹ کے انعقاد سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ ڈسٹرکٹ کے ذمہ داران نے لیثررلیگس کی جانب سے فٹبال سرگرمیوں کو سندھ کے دیگر شہروں تک وسعت دینے پر ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اسے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے حوصلہ افزااقدام قراردیا۔

(جاری ہے)

مذکورہ ڈسٹرکٹس کے گراؤنڈز کے دورے کے موقع پر ریاض احمد نے انہیں لیثررلیگس کے زہر اہتمام ہونے والے مقابلوں کی افادیت اور اسکے فوائد سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس مشن میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر مخدوم فیصل صالح حیات اور سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر خادم علی شاہ کی بھرپور معاونت لیثررلیگس کو حاصل ہے اور انہی کی سرپرستی میں فٹبال کھیل کی ترقی و فروغ کیلئے لیثررلیگس اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔ کراچی میں یوپی جیم خانہ،نارتھ کراچی، ہزارہ یونائیٹڈ ، منگھوپیر، فیڈرل یونائیٹڈاورکراچی اسپورٹس کے گراؤنڈز پر لیثررلیگس کے مقابلوں کے انعقاد کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور آئندہ ہفتہ سے ان گراؤنڈز پر فٹبال سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز بھی کردیا جائے گا۔

اس دوران اندرون سندھ میں بھی لیثررلیگس کے ایونٹس منعقد ہونگے۔ پروجیکٹ ہیڈ ریاض احمد 16نومبر سے میرپورخاص، ٹنڈو الہ یار، عمر کوٹ، بدین،شہید بے نظیر آباد،سانگھڑاور نوشہروفیروز کے اضلاع کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں ۔ ایس ایف اے کے سینئر نائب صدر اور میرپور خاص کے صدر حاجی محمد اقبال اور سیکریٹری حسن رضا کی مشاورت سے مذکورہ ڈسٹرکٹس میں فٹبال سرگرمیوں کے آغاز کو حتمی شکل دی جائیگی۔