حکومت (کل) مغوی پولیس افسر کے حوالے سے تشویشناک اطلاعات کے بارے میں ایوان میں تفصیلی بیان دے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

ایس پی طاہر داوڑ کے معاملے پر حکومت وضاحت کرے، سینیٹر شیری رحمٰن، اس بارے میں تفصیلی بیان متعلقہ حکام سے تفصیلات حاصل کرنے کے بعد دیا جائے گا، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

بدھ 14 نومبر 2018 20:22

حکومت (کل) مغوی پولیس افسر کے حوالے سے تشویشناک اطلاعات کے بارے میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ (کل) جمعرات کو مغوی پولیس افسر کے حوالے سے آنے والی تشویشناک اطلاعات کے بارے میں تفصیلی بیان دیا جائے۔ بدھ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق نے کہا کہ شیری رحمٰن اہم بات کرنا چاہتی ہیں ان کو موقع دیا جائے۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ آج کمیٹی میں بھی اس بات کا جواب نہیں دیا گیا کہ ایس پی طاہر داوڑ کے معاملے کا کیا بنا، حکومت اس معاملہ پر وضاحت کرے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ یہ اہم اور سنجیدہ نوعیت کا معاملہ ہے، پولیس آفیسر کے حوالے سے جو خبریں آ رہی ہیں، ان پر سیکرٹری داخلہ سے بات کی ہے، سرکاری اور مصدقہ ذرائع ابھی پولیس آفیسر کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کر رہے، اس بارے میں تفصیلی بیان متعلقہ حکام سے تفصیلات حاصل کرنے کے بعد دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پھر یہ معاملہ کل پر رکھ لیں۔ جس پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ کل میں ایوان میں آ کر اس بارے میں بات کروں گا، اگر سینیٹر صاحبان کو زیادہ معلومات ہیں تو جا کر متعلقہ ایجنسی کو بتا دیں۔ قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ یہ وزارت داخلہ کا معاملہ نہیں ہے، یہ واقعہ جلال آباد میں ہوا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کل اس بارے میں ایوان میں تفصیلی بات کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کل جلال آباد سے رپورٹ منگوا کر آپ یا وزیر ممملکت برائے داخلہ جواب دیں۔