ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد کی زیر صدارت 12 ربیع الاول کے موقع پر امن وامان کو قائم رکھنے کے حوالہ سے اجلاس

بدھ 14 نومبر 2018 23:15

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت12 ربیع الاول کے موقع پر امن وامان کو قائم و دائم رکھنے کے حوالہ سے ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں تحصیل ناظم اسحق ذکریا، ڈسٹرکٹ خطیب مولانا عبدالواجد، ٹریڈر یونین کے عہدیداران ملک نعیم اعوان، شبیر قریشی، حاجی کالا خان اور تحصیل کونسلر راجہ شجاعت نے شرکت کی۔

ایس پی انوسٹی گیشن، ایس پی ٹریفک وارڈن پولیس اور ایس ڈی پی اوز ضلع ایبٹ آباد بھی میٹنگ بھی شریک ہوئے۔ 12 ربیع الاول کے دوران امن و امان کے قیام کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے جلسے، جلوس اور دیگر تقریبات کی سیکورٹی کے احکامات جاری کر دیئے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں ضلعی پولیس سربراہ نے یوم ولادت پر روشنی ڈالتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، تحصیل ممبران اور انجمن تاجران کو واضح کیا کہ 12 ربیع الاول کے دوران امن و امان کے قیام میں ضلع پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ نے 12 ربیع الاول کے جلوسوں اور تقریبات کی سیکورٹی کا جائزہ لیا اور مقامی عمائدین کے ساتھ تمام پہلو زیر بحث لاتے ہوئے تمام ممکنہ اقدامات پر نظر ثانی کی۔ ڈسٹرکٹ خطیب مولانا عبدالواجد نے بتایا کہ تمام روایات حسب سابق اپناتے ہوئے اسی طرز کے پروگرام کا انعقاد کیا جائے اور آپس میں بھائی چارے کی فضاء کو فروغ دیا جائے، تمام مکاتب فکر کو اس دن کی اہمیت اور فضیلت کو مدنظر رکھتے ہوئے سنجیدگی سے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

دوران میٹنگ تحصیل ناظم ایبٹ آباد اسحاق ذکریا اور انجمن تاجران کے عہدیداران نے 12ربیع الاول کے دوران ضلع پولیس کے ساتھ تعاون کرنے اور دیگر امور میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں کے ساتھ ملکر اس فضیلت بھرے دن کو انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ گذارنے کی استدعا کی۔ اس دوران تحصیل ناظم ایبٹ آباد اسحاق ذکریا نے امن و امان کے حوالہ سے میٹنگ کے انعقاد پر ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد کا شکریہ ادا کیا۔

ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے 12 ربیع الاول کے حوالہ سے میٹنگ میں موجود عمائدین اور دیگر تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور ضلع کی عوام سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کے قیام میں ضلع پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور اس دن کی فضیلت کو مدنظر رکھتے ہوئے اشتعال انگیز تقاریر، نعرہ بازی وغیرہ سے پرہیز کیا جائے، آپس میں بھائی چارے کو فروغ دیا جائے تاکہ ضلع ایبٹ آباد امن کا گہوارہ رہے۔